لاہور : شوبز کی دنیا کو ہمیشہ کیلئے خیر باد کہہ کر کینیڈا منتقل ہوجانے والی اداکارہ نرگس نے فلم انڈسٹری میں واپسی کا اعلان کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق بیک وقت تھیٹر اور فلم کے شعبوں میں اپنا لوہا منوانے والی اداکارہ نرگس نے طویل عرصہ بعد فلم انڈسٹری میں واپسی کا اعلان کیا ہے۔
وہ آئندہ ماہ پاکستان واپس آ کر ہدایتکار پرویز رانا کی نئی فلم میں بطور ہیروئن پرفارم کریں گی جبکہ اس کے ساتھ ہی ان کی تھیٹر ڈراموں میں آمد بھی متوقع ہے۔
اس حوالےسے پنجابی فلموں کے معروف ہدایتکار پرویز رانا نے اے آروائی نیوز کو بتایا ہے کہ نرگس ماضی کی طرح اس مرتبہ بھی ان ہی کی فلم سے کم بیک کرنے پاکستان آرہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وہ آئندہ ماہ سے نرگس اور شان کے ہمراہ اپنی نئی فلم کی شوٹنگز کا آغاز کریں گے۔