بھارت میں ضلع مجسٹریٹ نے سرکاری گائے کے علاج کے لیے سات ڈاکٹروں پر مشتمل ٹیم مقرر کی ہے جو ہفتے کے ساتوں دن اس گائے کا علاج کرے گی۔
گزشتہ روز سوشل میڈیا پر بھارت کے ایک ضلع کے مجسٹریٹ کا نوٹیفکیشن وائرل ہوا ہے۔
وائرل ہونے والے اس نوٹیفکیشن کے مطابق بھارتی ریاست اتر پردیش کے شہر فتح پور میں ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ نے گائے کے علاج کے لیے ہفتے کے سات دنوں کے لیے سات ڈاکٹروں پر مشتمل ایک ٹیم تیار کی ہے۔
اس حوالے سے ذرائع نے بتایا ہے کہ نوٹیفکیشن 9 جون کو جاری کیا گیا تھا تھا جسے ایک روز بعد قائم مقام چیف ویٹرنری آفیسر کی جانب سے منسوخ کر دیا گیا تھا۔
سی وی او نے اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے اس حکم کو منسوخ کر دیا ہے اور حکم جاری کرنے والی آفیسر کے خلاف محکمہ ویٹرنری میں شکایت بھی درج کروا دی ہے، اس حوالے سے ان کا کہنا ہے کہ ماضی میں بھی اس آفیسر کے خلاف ایسی شکایات موصول ہوتی رہی ہیں جس پر اُنہیں کئی بار انتباہ جاری کیا جا چکا ہے۔
دوسری جانب ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ نے اس واقعے کو اپنے خلاف سازش قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی طرف سے ایسا کوئی حکم جاری نہیں کیا گیا ہے۔