اداکارہ زوہا توقیر کا کہنا ہے کہ ہر لڑکی عبدالباری جیسے شوہر کی مستحق ہے۔
اے آر وائی ڈیجیٹل کے ڈرامہ سیریل ’آپا شمیم‘ میں اداکار فہد شیخ (عبدالباری)، زوہا توقیر (کشف)، راحت غنی (سائرہ)، فائزہ حسن (شمیم باجی)، سلیم شیخ، نوین نقوی، سجاد پال، صباحت بخاری، ماہم عامر، احمد رندھاوا ودیگر اداکاری کے جوہر دکھا رہے ہیں۔
’آپا شمیم‘ کی ہدایت کاری کے فرائض ذیشان علی زیدی نے انجام دیے ہیں جبکہ اس کی کہانی اسما سیانی نے لکھی ہے۔
گزشتہ قسط میں دکھایا گیا کہ گھر والوں کی جانب سے کشف کو باتیں سنانے پر عبدالباری ان کے حق میں بولتے ہیں جس سے اہلیہ بھی خوش ہوجاتی ہیں۔
تاہم اب فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اداکارہ زوہا توقیر نے اسٹوری شیئر کی ہے جو وائرل ہورہی ہے۔
انہوں نے انسٹا اسٹوری شیئر کی ہے جس میں انہیں عبدالباری کے ساتھ دیکھا جاسکتا ہے، زوہا نے لکھا کہ ’ہر لڑکی عبدالباری جیسے شوہر کی مستحق ہے۔‘
واضح رہے ڈرامہ سیریل ’آپا شمیم‘ کی 30 اقساط نشر ہوچکی ہیں جبکہ ڈرامے کو روزانہ شام 7 بجے اے آر وائی ڈیجیٹل پر نشر کیا جاتا ہے۔