ہفتہ, دسمبر 14, 2024
اشتہار

بھارت: گایوں کے لیے انوکھی ایمبولینس سروس

اشتہار

حیرت انگیز

لکھنؤ: بھارتی ریاست اتر پردیش کی حکومت نے شدید بیمار گایوں کے لیے ایمبولینس سروس شروع کرنے کی تیاری کر لی۔

تفصیلات کے مطابق بھارت میں گایوں کے لیے ایمبولینس سروس شروع کرنے کا اعلان کیا گیا ہے، یہ اپنی نوعیت کی ملک کی پہلی ایمبولنس سروس ہوگی، جسے ابھینو ایمبولنس کا نام دیا گیا ہے۔

ریاستی ڈیری ڈیولپمنٹ کے وزیر لکشمی نارائن چودھری نے اتوار کو کہا کہ اتر پردیش حکومت شدید بیمار گایوں کے لیے 24 گھنٹے ایمبولینس سروس شروع کرنے کا منصوبہ بنا رہی ہے، اور اس منفرد اقدام کے لیے 515 ایمبولینسیں تیار ہیں۔

- Advertisement -

وزیر نے متھرا میں میڈیا کو بتایا کہ 112 ایمرجنسی سروس نمبر کی طرح، یہ نئی سروس سنگین طور پر بیمار گایوں کے فوری علاج کی راہ ہموار کرے گی۔

انھوں نے بتایا کہ درخواست موصول ہونے پر 15 سے 20 منٹ کے اندر ایک ویٹرنری ڈاکٹر اور دو معاونین کے ساتھ ایک ایمبولینس مطلوبہ مقام پر پہنچ جائے گی۔

انھوں نے مزید بتایا کہ اس اسکیم کے تحت شکایات وصول کرنے کے لیے لکھنؤ میں ایک کال سینٹر قائم کیا جائے گا، جس کا آغاز دسمبر میں ہوگا۔

واضح رہے کہ چند دن قبل بھارتی ریاست مدھیہ پردیش میں دودھ نہ دینے پر ایک مالک نے اپنی بھینس کے خلاف تھانے میں جا کر مقدمہ درج کروا کر لوگوں کو حیران کر دیا ہے۔

مدھیہ پردیش کے ضلع بھینڈ میں 45 سالہ شخص نے پولیس کو بتایا کہ وہ بھینس کے دودھ نہ دینے کی وجہ سے گزشتہ کچھ روز سے بہت پریشان ہے اور اب گاؤں والوں سے مشاورت کے بعد اس مسئلے کے حل کے لیے تھانے آیا ہے۔

شہری بھینس کو بھی تھانے لے گیا تھا، اس نے پولیس کو بتایا کہ میں جب بھی بھینس کا دودھ نکالنے کی کوشش کرتا ہوں تو یہ مارتی ہے، جس سے مجھے شک ہے کہ کسی نے میری بھینس پر جادو کروایا ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں