لاہور: ڈاکٹرز نے کرونا وائرس سے متاثر ہونے والے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو مزید 3 ہفتے آرام کا مشورہ دے دیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق ایک طرف ڈاکٹرز نے شہباز شریف کو کرونا سے متاثر ہونے کی وجہ سے مزید تین ہفتے آرام کا مشورہ دیا ہے دوسری طرف ان کی عبوری ضمانت میں 3 ہفتے مزید توسیع کے لیے ہائی کورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی ہے۔
شہباز شریف نے منی لانڈرنگ کیس میں عبوری ضمانت میں توسیع کے لیے درخواست دی ہے، جس میں استدعا کی گئی ہے کہ ذاتی حیثیت میں پیش ہونے سے 3 ہفتے کے لیے انھیں استثنیٰ دیا جائے، اور ضمانتی مچلکوں پر دستخط کرنے کے لیے مزید مہلت دی جائے۔
شہباز شریف خاندان کے اثاثوں میں کیسے اضافہ ہوا، بے نامی دار کون؟ تفصیلات سامنے آ گئیں
اثاثہ جات اور منی لانڈرنگ کیس میں شہباز شریف کی اس عبوری درخواست ضمانت پر سماعت آج ہوگی، جسٹس سردار احمد نعیم وار جسٹس فاروق حیدر پر مشتمل بینچ درخواست پر سماعت کرے گا۔ لاہور ہائی کورٹ نے شہباز شریف کی عبوری ضمانت میں آج تک توسیع کر رکھی ہے، گزشتہ سماعت پر کرونا مثبت آنے کی وجہ سے شہباز شریف پیش نہیں ہوئے تھے۔
شہباز شریف کی جانب سے آج بھی 3 ہفتوں کے لیے ضمانت میں توسیع کی درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ڈاکٹروں نے انھیں مزید 3 ہفتے آرام کا مشورہ دیا ہے، اس لیے عدالت 3 ہفتے کے لیے ضمانت میں توسیع کرے اور سماعت کے موقع پر حاضری سے بھی استثنیٰ دے۔