اتوار, جون 16, 2024
اشتہار

افغانستان کے پاس پہلی بار ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں جانے کا سنہری موقع

اشتہار

حیرت انگیز

ورلڈ کپ میں افغانستان کی کارکردگی نے ماہرین اور ناقدین کرکٹ کو حیران کر دیا ہے کرکٹ بے بی کہلائی جانے والی ٹیم کے پاس پہلی بار ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں جانے کا سنہری موقع ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق بھارت میں جاری آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ اپنے اختتام کی جانب گامزن ہے۔ میزبان انڈیا نا قابل شکست رہتے ہوئے 16 پوائنٹ کے ساتھ سر فہرست اور جنوبی افریقہ 12 پوائنٹس کے ساتھ سیمی فائنل میں جگہ بنا چکے ہیں۔

سیمی فائنل کی بقیہ دو ٹیموں کے لیے آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، پاکستان اور افغانستان میں مقابلہ ہے۔ آسٹریلیا 10 پوائنٹ کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔ اس کے دو میچز باقی ہیں جن میں سے ایک آج افغانستان سے ممبئی کے واکھنڈے اسٹیڈیم میں کھیلا جا رہا ہے جب کہ دوسرا میچ ہفتہ 11 نومبر کو پونے میں بنگلہ دیش کے خلاف ہوگا۔

- Advertisement -

آسٹریلیا ان میں سے ایک میچ جیت کر بھی سیمی فائنل میں جگہ پکی کر لے گی تاہم اگر دونوں میچ ہار گئی تو پھر اس کے لیے بھی اگر مگر کی صورتحال ہو سکتی ہے۔

سیمی فائنل کی لائن اپ مکمل کرنے کے لیے نیوزی لینڈ، پاکستان اور افغانستان بھی امیدوار ہیں جن میں سے ایک ٹیم ہی کوالیفائی کر سکتی ہے۔ تینوں ٹیموں کے اس وقت 8، 8 پوائنٹس ہیں اور پوائنٹ ٹیبل پر بالترتیب چوتھی، پانچویں چھٹی پوزیشن پر موجود ہیں۔ نیوزی لینڈ اور پاکستان کا ایک ایک میچ باقی ہے جب کہ افغانستان کے دو میچز باقی ہیں۔

افغانستان اگر آج آسٹریلیا کو شکست دے دیتی ہے اور آخری میچ میں جمعہ 10 نومبر کو جنوبی افریقہ کو بھی ہرا دیتی ہے تو 12 پوائنٹس کے ساتھ سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لے گی اور میگا ایونٹ سے نیوزی لینڈ اور پاکستان کا پتہ صاف ہو جائے گا تاہم دونوں میچوں میں شکستوں کی صورت میں کیویز یا شاہینز میں سے کوئی ایک ٹیم فائنل فور میں جگہ بنائے گی۔

افغانستان اگر ایک میچ جیتتا ہے۔ نیوزی لینڈ اور پاکستان بھی اپنے اپنے میچز جیت جاتے ہیں تو پھر مقابلہ رن ریٹ پر ہوگا۔

واضح رہے کہ افغانستان رواں ورلڈ کپ میں کرکٹ کی تین بڑی طاقتوں کو شکست دے چکی ہے۔ سب سے پہلے دفاعی چیمپئن انگلینڈ کو ہرایا، پھر 1992 کی عالمی چیمپئن پاکستان کے خلاف بازی ماری اور اس کے بعد 1996 کی فاتح سری لنکا کو دھول چٹائی۔

آج کے میچ کے لیے جہاں افغانستان رواں میگا ایونٹ میں اپنی کارکردگی کا اعتماد لیے میدان میں اترے گی وہیں آسٹریلیا افغان ٹیم کے خلاف اب تک نا قابل شکست کا اعزاز لیے مقابلہ کرے گی۔ باہمی تین میچوں میں اب تک کینگروز ہی کامیاب رہے ہیں۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں