مقبوضہ بیت المقدس: قابض اسرائیلی فورسز نے مزاحمت کی علامت سمجھی جانے والی احد تمیمی کے بھائی کو گرفتار کرلیا۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق فلسطین میں اسرائیلی مظالم کے خلاف مزاحمت کی علامت سمجھی جانے والی احد تمیمی نے کہا ہے کہ مقبوضہ مغربی کنارے میں ان کے گھر سے ان کے چھوٹے بھائی 15 سالہ محمد کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
احد تمیمی کے والد باسیم تمیمی نے کہا کہ علی الصبح اسرائیلی فوجی ان کے گھر میں گھس آئے اور ان کے 15 سالہ بیٹے محمد کو گرفتار کرکے لے گئے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ ہفتے کے آخر میں ہمارے گاؤں میں احتجاج کے دوران آنسو گیس سے بچنے کے لیے بھاگنے کے دوران محمد کا ایک بازو ٹوٹ گیا تھا اور اسے اسرائیلی فوجیوں نے پتھر پھینکنے کے الزام میں گرفتار کیا ہے۔
مزید پڑھیں: غزہ: طالبعلم سمیت متعدد فلسطینیوں کی گرفتاری کا معاملہ، حماس کا شدید ردعمل
دوسری جانب اسرائیلی فوج کا اپنے بیان میں کہنا ہے کہ اس سے قبل فسادات اور افرا تفری پھیلانے پر رات گئے 21 فلسطینیوں کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ دو اسرائیلی فوجیوں کو تھپڑ مارنے پر احمد تمیمی نے تقریباً 8 ماہ اسرائیل کی قید میں گزارے تھے۔
اسرائیلی فوجیوں کو تھپڑ مارنے کا واقعہ ویڈیو کے ذریعے عکس بند ہوگیا تھا جس نے احد تمیمی کو اسرائیلی مظالم کے خلاف مزاحمت کی علامت بنادیا تھا۔
پندرہ سالہ محمد کو گرفتار کیے جانے پر احد تمیمی نے چیخ کر کہا کہ رک جاؤ ورنہ میں تمہیں ماروں گی۔