جمعہ, مئی 24, 2024
اشتہار

ڈاکوؤں نے معافی مانگ کر چھینا گیا فون واپس کردیا، اعجاز اسلم

اشتہار

حیرت انگیز

شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار اعجاز اسلم کا کہنا ہے کہ ڈاکوؤں نے پہچاننے کے بعد معافی مانگ کر چھینا گیا فون واپس کردیا تھا۔

اداکار اعجاز اسلم نے حال ہی میں نجی ٹی وی کے مزاحیہ پروگرام میں شرکت کی اور اس دوران نجی زندگی سمیت ڈراموں سے متعلق اظہار خیال کیا۔

اداکار نے کراچی کے حالات پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ایک مرتبہ ماہ رمضان میں وہ بچوں کے ساتھ کتابیں لینے گئے تو انہیں مارکیٹ میں لوٹ لیا گیا اور ان سے موبائل چھین لیا گیا۔

- Advertisement -

اعجاز اسلم نے کہا کہ وہ گاڑی میں بیٹھ کر بچوں کا انتظار کررہے تھے کہ دو افراد آئے اور ان سے گاڑی کا دروازہ کھولنے کا کہا۔

اعجاز اسلم کے مطابق ڈاکو انہیں کوئی اور سمجھ کر لوٹ رہے تھے لیکن جب انہوں نے دیکھا کہ یہ کوئی دوسرا شخص ہے تو وہ بھی حیران ہوئے۔

اداکار کا کہنا تھا کہ ڈاکوؤں نے انہیں بڑے ادب و احترام سے کہا کہ اعجاز بھائی ہم آج آپ کا موبائل فون لینے آئے ہیں۔

اداکار کے مطابق انہوں نے کوئی مزاحمت نہیں کی اور ڈاکوؤں کو اپنا موبائل فون دے دیا۔

اعجاز اسلم نے ڈکیتی کا ایک اور واقعہ بتایا کہ ایک بار وہ ایک پروڈکشن ہاؤس سے اپنے دوست کے ساتھ نکلے تو دو نوجوان ڈاکوؤں نے پستول کے زور پر ان سے موبائل فون لے لیے۔

اداکار کے مطابق جیسے ہی ڈاکو کی نظر ان پر پڑی تو انہوں نے انہیں پہچان لیا اور کہا کہ ’ارے اعجاز بھائی آپ‘۔
اعجاز اسلم نے بتایا کہ ڈاکوؤں نے ان سے معافی مانگی اور انہیں چھینا ہوا موبائل فون واپس دیا اور ان کی فرمائش پر دوست سے چھینا ہوا فون بھی واپس دیا اور معافی مانگتے ہوئے فرار ہوگئے۔

واضح رہے کہ اعجاز اسلم ان دنوں اے آر وائی ڈیجیٹل کے ڈرامہ سیریل ’میں‘ میں اداکاری کے جوہر دکھا رہے ہیں جس کی مرکزی کاسٹ میں وہاج علی، عائزہ خان، ازیکا ڈینئل ودیگر شامل ہیں۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں