کراچی : ملک بھر کے ایئرپورٹس پر بیرون ملک جانے والے مسافروں سے ڈالر کے بجائے پاکستانی کرنسی میں ایئرپورٹ چارجز وصول کیے جائیں گے، سول ایوی ایشن اتھارٹی نے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کردیا۔
تفصیلات کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی نے بیرون ملک جانے والے مسافروں کیلئے خوشخبری سنادی، سی اے اے نے فیصلہ کیا ہے کہ بیرون ملک جانے والے مسافروں سے ایئرپورٹ چارجز امریکی ڈالر نہیں بلکہ پاکستانی کرنسی میں وصول کئے جائیں گے۔
اس سلسلے میں سول ایوی ایشن اتھارٹی نے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کردیا، سول ایوی ایشن اتھارٹی کا جاری کردہ نوٹیفکیشن اے آروائی نیوز کو موصول ہوگیا۔
اس سے قبل بیرون ملک جانے والے مسافروں سے20امریکی ڈالر ایئرپورٹ چارجز کی مد میں وصول کئے جاتے تھے، اس حوالے سے سول ایوی ایشن ذرائع کا کہنا ہے کہ امریکی ڈالر میں اتار چڑھاؤ کی وجہ سے مسافروں کو اس کا بوجھ برداشت کرنا پڑرہا تھا، اب بیرون ملک جانے والے مسافروں سے ایئرپورٹ چارجز صرف2800سو روپے وصول کئے جائیں گے۔
سول ایوی ایشن اتھارٹی نے بیرون ملک جانے والے مسافروں کے ایئرپورٹ چارجز فکس کرنے کے حوالے سے تمام ایئرلائنوں کو آگاہ کردیا ہے کہ تمام ایئرلائنز کو سول ایوی ایشن اتھارٹی نے احکامات دیئے ہیں کہ تاحکم ثانی اس آرڈر پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔