کراچی: شہر قائد میں روزہ رکھنے والے غریب و نادار افراد کے لیے فلاحی تنظیم کی جانب سے شتر مرغ کے گوشت کے پکوان سے سحر و افطار کا اہتمام کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں کام کرنے والے فلاحی ادارے کی جانب سے ہر سال کی طرح امسال بھی غریب و نادار روزے داروں کے لیے منفرد کھانے کا اہتمام کیا گیا۔
جے ڈی سی (جعفریہ ڈزاسٹر مینیجمنٹ سیل ویلفیئر فاؤنڈیشن) کی جانب سے پہلی سحری اور افطار میں شتر مرغ کے گوشت کی بنے ہوئے پکوان پیش کیے گئے۔
فلاحی ادارے کی اس کاوش نے دنیا بھر کی توجہ اپنی جانب مبذول کروائی کیونکہ شتر مرغ کا گوشت مہنگے داموں فروخت ہوتا ہے اور عام طور پر اسے پرتعیش دعوتوں میں ہی شاہی مہمانوں کو کھلایا جاتا ہے۔
فلاحی ادارے کی جانب سے پہلے روزے کی سحری کے لیے تقریباً 500 افراد کے لیے شتر مرغ کے گوشت کی ڈشز فراہم کی گئیں، غریب اور نادار افراد نے سیر ہو کر سحری کی جبکہ پہلے افطار کے بعد بھی کھانے میں شتر مرغ کے گوشت کی بنے پکوان پیش کیے جائیں گے۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے نمائندے سے بات کرتے ہوئے فلاحی ادارے کے جنرل سیکریٹری ظفر عباس کا کہنا تھا کہ ’احساس محرومی کو مدنظر رکھتے ہوئے ہم نے امیر لوگوں کی طرح غریبوں کو بھی سحری فراہم کی تاکہ اُن میں کسی قسم کی کمی کا کوئی احساس پیدا نہ ہو‘۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ’آئندہ آنے والے رمضانوں میں ہم غریب و نادار افراد کو ہرن کے گوشت سمیت دیگر مہنگے پکوان کھلائیں گے‘۔