پیر, جولائی 8, 2024
اشتہار

علی امین گنڈا پور کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری منسوخ

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد : انسداد دہشت گردی عدالت نے وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈا پور کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری منسوخ کردیے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈا پور  نے تھانہ آئی نائن میں درج مقدمے میں انسداد دہشت گردی عدالت کی جانب سے جاری ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری منسوخ کرنے کے لیے درخواست دی۔

درخواست میں کہا گیا کہ مصروفیات کی وجہ سے عدالت حاضر نہیں ہوسکا، عدالت کے سامنے سرنڈر کرتا ہوں، جس کے بعد عدالت نے وزیراعلیٰ کے پی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری منسوخ کردیے۔

- Advertisement -

خیال رہے عدالت نے مسلسل غیرحاضری پر ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کئے تھے۔

دوسری جانب وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا جوڈیشل کمپلیکس توڑ پھوڑ کیس میں انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش ہوئے۔

جج طاہر عباس سپرا نے کہا عمر ایوب ، شبلی فراز ، علی امین ، محمد عاصم ، اور علی نواز اعوان اس کیس میں اشتہاری ہیں، جس پر وکیل راجہ ظہور الحسن نے بتایا کہ وزیراعلیٰ کے پی چار اپریل 2023 کو گرفتار ہوئے، پولیس نے جوڈیشل کمپلیکس توڑ پھوڑ کیس میں کیوں گرفتار نہیں کیا، پولیس نے بدنیتی کی وجہ سے جوڈیشل کمپلیکس توڑ پھوڑ کیس میں گرفتاری نہیں ڈالی۔

وکیل کا مزید کہنا تھا کہ پولیس کو تمام کیسز کا علم تھا پولیس کو اگر علی امین مطلوب ہوتے تو وہ گرفتاری ڈال لیتی، اسلام آباد ہائیکورٹ کے زریعے ان کے تمام کیسز کی فہرست مانگی جس میں اس کیس کا پتہ چلا۔

جج طاہر عباس سپرا نے کہا عدالت نے تو وزیراعلیٰ کے پی کو اشتہاری قرار دیا وہ آرڈر تو موجود ہے ، اگر عدالت نے غلط طور پر اشتہاری قرار دیا تو کیا اس آڈر کو چیلنج کیا گیا، اشتہاری ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست کیسے منظور کی جاسکتی گھر بیٹھ کر یہ نہیں کہا جاسکتا کہ بدنیتی پر مقدمہ بنایا گیا ہم پیش نہیں ہونگے۔

راجہ ظہور الحسن نے مزید کہا علی امین گرفتار تھے تو وہ اشتہاری کیسے ہوسکتے ہیں، وزیر اعلیٰ کو عدالت ابلانے کا کوئی شوق نہیں مگر کیس کی سماعت تو کرنی ہے ، جس پر جج طاہر عباس سپرا نے کہا عدالت کو کوئی ججمنٹ دے دیں کہ ضمانت قبل از گرفتاری میں اشتہاری ہونے کی کوئی حیثیت نہیں، وکلا عدالت کو ملزمان کے اشتہاری ہونے سے متعلق مطمئن کریں۔

وزیراعلیٰ کے پی نے عدالت سے استدعا کی کہ محرم کے بعد سماعت رکھ لیں، جس پر عدالت نے درخواستوں پر سماعت 29 جولائی تک ملتوی کردی۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں