تازہ ترین

بہت جلد فوج سے مذاکرات ہوں گے، شہریار آفریدی کا دعویٰ

اسلام آباد: سابق وفاقی وزیر و رہنما پاکستان تحریک...

ہم سب مل کر ٹیم پاکستان ہیں، آرمی چیف

آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ...

ہمیں ملک کے مفاد میں سخت فیصلے کرنا ہوں گے، وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا ہے کہ ہمیں...

جماعت اسلامی کا گوادر میں گرفتار مظاہرین کی رہائی کا مطالبہ

دیر بالا : امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ بلوچستان میں اپنے جائز مطالبات کے حق میں مظاہرہ کرنے والے افراد کو رہا کیا جائے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے خیبر پختونخوا کے علاقے دیربالا میں مہنگائی کے خلاف کیے گئے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

سراج الحق نے کہا کہ گوادر میں گرفتار ہونے والے حق دو تحریک کے رہنماؤں اور دیگر مظاہرین کو رہا کرکے ان کیخلاف قائم مقدمات واپس لیے جائیں۔

امیرجماعت اسلامی نے کہا کہ ہم بلوچستان کی عوام کے حقوق کے حصول کیلئےان کے ساتھ کھڑے ہیں، ملک میں سیاسی اور معاشی بحران پی ڈی ایم، پیپلزپارٹی اور پی ٹی آئی کی وجہ سے ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم میں شامل 15جماعتیں اقتدار میں ہیں لیکن ملک بھر میں عجیب تماشہ لگا ہوا ہے، گندم کا بحران پیدا کرکے عوام کو آٹے کی لائنوں میں کھڑا کردیا گیا۔

سراج الحق کا کہنا تھا کہ غریب لوگ ایک تھیلا آٹے کے لیے ترس رہے ہیں اور مافیا کے لوگ ان سے اربوں روپے کما رہے ہیں، یہ مافیاز تینوں جماعتوں کا حصہ ہیں اور ماضی میں بھی ان ہی لوگوں نے گندم اور دیگر اشیاء کے کئی مصنوعی بحران پیدا کیے۔

انہوں نے کہا کہ کرپٹ حکمران ٹرائیکا نے عدالتوں کو یرغمال بنایا اور ریاستی اداروں کو تباہ کیا، انہوں نے اپیل کی کہ عوام جماعت اسلامی کی مہنگائی کے خلاف اس تحریک کاحصہ بنیں۔

اپنے خطاب میں بلدیاتی انتخابات کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کراچی میں بلدیاتی انتخابات مقررہ تاریخ پر کرانے کا اعلان خوش آئند ہے، الیکشن کمیشن کو آئین کا ساتھ دینے پرخراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

واضح رہے کہ گوادر میں حق دو تحریک کے سربراہ مولانا ہدایت الرحمان کو آج احاطہ عدالت سے گرفتار کرلیا گیا، ان کے ہمراہ حق دوتحریک کے 2کارکنان بھی گرفتار کیے گئے ہیں۔

پولیس نے مولانا ہدایت الرحمان اور ان کے ساتھیوں کو بکتربند گاڑی میں عدالت سے متعلقہ تھانے منتقل کردیا، مولانا کے خلاف مختلف تھانوں میں درجن سے زائد مقدمات درج ہیں۔

ان کیخلاف درج مقدمات میں قتل، نقص امن اور دیگر دفعات شامل کی گئی ہیں، یاد رہے کہ ہدایت الرحمٰن گوادر کے میئر بھی ہیں۔

Comments

- Advertisement -