اشتہار

ایمنڈ کا غیر اعلانیہ سینسر شپ، صحافیوں کی گمشدگی، بے جا حکومتی مداخلت پر اظہار تشویش

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: ایمنڈ نے پاکستان میں غیر اعلانیہ سینسر شپ، صحافیوں کی گمشدگی، بے جا حکومتی مداخلت پر اظہار تشویش کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ایسو سی ایشن آف الیکٹرانک میڈیا ایڈیٹرز اینڈ نیوز ڈائریکٹرز (ایمنڈ) نے پاکستانی میڈیا میں بڑھتے ہوئے دباؤ، غیر اعلانیہ سینسر شپ، صحافیوں کی گمشدگی اور بے جا حکومتی مداخلت پر تشویش کا اظہار کیا ہے، ایمنڈ نے وزیر اعظم شہباز شریف سے بطور چیف ایگزیکٹو اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

گزشتہ روز ایمنڈ کی ایگزیکٹو کمیٹی کا پاکستانی میڈیا بالخصوص ٹی وی چینلز کو درپیش چیلنجز کا جائزہ لینے کے لیے ہنگامی اجلاس ہوا، اجلاس کے اعلامیے کے مطابق ایمنڈ کمیٹی ارکان کا کہنا تھا کہ حکومت نے غیر اعلانیہ سینسر شپ لاگو کی ہے، اور عوام کو حقِ معلومات سے محروم اور یک طرفہ عکاسی کے لیے دباؤ ڈالا جا رہا ہے۔

- Advertisement -

اعلامیے کے مطابق آزادانہ و غیر جانب دارانہ صحافت اور عوام کو حقائق سے آگاہ کرنا مشکل بنا دیا گیا ہے، صحافیو ں کو نہ سیاسی آلہ کار بننا چاہیے اور نہ ہی خود کو سیاسی کارکن ثابت کرنا چاہیے، بعض صحافیوں، اینکر پرسن اور میڈیا ورکرز کے بیانات، سرگرمیاں اور سوشل میڈیا پر ان کا کام کسی صورت صحافت قرار نہیں دیا جا سکتا، تاہم کو ئی بھی شہری چاہے صحافی ہو یا سیاسی کارکن، اس کی جبری گمشدگی کی حمایت نہیں کی جا سکتی اور نہ اس پر خاموش رہا جا سکتا ہے۔

کمیٹی ارکان نے مزید کہا کہ موجودہ حکمراں اتحاد نے اپوزیشن دور میں آزادئ صحافت یقینی بنانے کے عزم کا اظہار کیا تھا لہٰذا وہ اپنے وعدوں پر عمل کریں، ایمنڈ کی ایگزیکٹو کمیٹی نے عملی جدوجہد کے لیے رابطوں اور مشاور ت کی منظوری بھی دی، اس حوالے سے میڈیا اسٹیک ہولڈرز سے ملاقاتوں کے بعد مشترکہ کمیٹی قائم کی جائے گی جو وزیر اعظم سمیت حکومت اور اپوزیشن قائدین کو مؤقف سے آگاہ کرے گی۔

ایمنڈ کی ایگزیکٹو کمیٹی نے وزیر اعظم شہباز شریف سے بطور چیف ایگزیکٹو اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم میڈیا اسٹیک ہولڈز سے رابطہ کر کے صورت حال کو بہتر بنانے کے لیے کردار ادا کریں۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں