واشنگٹن: امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے کہا ہے کہ امریکا سعودی صحافی جمال خاشقجی کے قتل میں ملوث تمام افراد کا احتساب چاہتا ہے۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ٹیلی فونک رابطے میں سعودی صحافی کے قتل سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا۔
امریکی وزیرخارجہ مائیک پومپیو کا محمد بن سلمان سے گفتگو میں کہنا تھا کہ امریکا صحافی جمال خاشقجی کے قتل میں ملوث ہر شخص کو ذمہ دار ٹھہرائے گا، توقع ہے سعودی عرب بھی ایسا ہی چاہے گا۔
[bs-quote quote=”صحافی کی لاش سے متعلق حقائق سامنے لائے جائیں” style=”style-6″ align=”left” author_name=”امریکی وزیر خارجہ”][/bs-quote]
مائیک پومپیو نے کہا کہ صحافی کی لاش سے متعلق حقائق سامنے لائے جائیں، علاوہ ازیں دونوں رہنماؤں کے درمیان یمن جنگ کے خاتمے اور اقوام متحدہ کے تعاون سے ہونے والے امن مذاکرات کے حوالے سے بھی گفتگو کی گئی۔
امریکی وزیر خارجہ نے کہا کہ یمن میں جنگ بندی کے لیے فریقین کے درمیان ٹیبل ٹاک ناگزیر ہوگئی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز پیرس میں ترک صدر رجب طیب اردوان اور امریکی صدر ٹرمپ کی ملاقات ہوئی تھی جس میں سعودی صحافی جمال خاشقجی کے قتل سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔
سعودی صحافی جمال خاشقجی دو اکتوبر کو استنبول میں سعودی قونصل خانے میں جانے کے بعد سے لاپتہ تھے، ترک حکام نے دعویٰ کیا تھا کہ خاشقجی کو سعودی قونصل خانے میں ہی قتل کرکے ان کی لاش کے ٹکڑے کردئیے گئے ہیں۔
چند روز قبل ترک پراسیکیوٹر جنرل نے دعویٰ کیا ہے کہ سعودی صحافی جمال خاشقجی کو سعودی قونصل خانے میں گلا دبا کر قتل کردیا گیا تھا اور پھر ان کی لاش کو ٹھکانے لگادیا گیا۔