ہفتہ, جولائی 27, 2024
اشتہار

عمران خان کی گرفتاری پر امریکا کا ردعمل

اشتہار

حیرت انگیز

سابق وزیراعظم عمران خان کی گرفتاری پر امریکا کا ردعمل آگیا ہے جمہوری اصولوں اور قانون کی عملداری کے احترام کا مطالبہ کیا ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کی گرفتاری پر امریکا کا ردعمل آگیا ہے اور پریس سیکریٹری وائٹ ہاؤس نے اس معاملے پر جمہوری اصولوں اور قانون پر عمل داری کے احترام کا مطالبہ کیا ہے۔

وائٹ ہاؤس پریس سیکریٹری کے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سابق پاکستانی وزیراعظم عمران خان کی گرفتاری سے آگاہ ہیں۔ امریکا کسی ایک سیاسی پارٹی یا امیدوار کی حمایت نہیں کرتا۔

- Advertisement -

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اس معاملے پر امریکا پاکستان سے جمہوری اصولوں اور قانون پر عملداری کے احترام کا مطالبہ کرتا ہے۔

عمران خان کی گزشتہ روز گرفتاری کے بعد انٹرنیشنل ہیومن رائٹس فاؤنڈیشن نے ان کی گرفتاری کی مذمت کی تھی جب کہ سابق وزیراعظم کی گرفتاری کے بعد پاکستان میں پیدا ہونے والی صورتحال پر برطانیہ کے بعد کینیڈا نے بھی اپنے شہریوں کے لیے ٹریول ایڈوائزی جاری کر دی ہے۔

واضح رہے کہ عمران خان کو گزشتہ روز اسلام آباد ہائیکورٹ کے احاطے سے رینجرز نے گرفتار کیا تھا۔ ان کی گرفتاری نیب کے القادر ٹرسٹ کیس میں عمل میں لائی گئی تھی اور گرفتاری کے بعد پی ٹی آئی چیئرمین کو نیب راولپنڈی آفس منتقل کر دیا گیا تھا۔

عمران خان کے خلاف القادر ٹرسٹ اور توشہ خانہ کیس  کی سماعت آج ہوگی۔ احتساب عدالت کے جج محمد بشیراور ایڈیشنل ڈسٹرکٹ جج ہمایوں دلاور سماعت کریں گے، عمران خان پر توشہ خانہ  کیس میں آج فرد جرم عائد کی جائے گی جب کہ القادر ٹرسٹ کیس میں نیب کی جانب سے سابق وزیراعظم کے ریمانڈ کی استدعا کی جائے گی۔

سابق وزیراعظم عمران خان کو تفتیش کے لیے پولیس لائن ہیڈ کوارٹر منتقل کردیا گیا ہے جب کہ پولیس لائن کو سب جیل کا درجہ دے دیا گیا ہے۔ پولیس لائن کے مرکزی دروازے کی سیکیورٹی انتہائی سخت کر دی گئی اور کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پولیس لائن ہیڈ کوارٹر کے باہر پولیس کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی ہے اور وہاں بڑی تعداد میں کنٹینرز بھی پہنچا دیے گئے ہیں۔

 

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں