ہفتہ, مئی 11, 2024
اشتہار

ڈینگی وائرس کا پھیلاؤ جاری، اسلام آباد کا ایک اور رہایشی چل بسا، سیکڑوں مزید کیسز رپورٹ

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور/اسلام آباد: ملک بھر میں ڈینگی وائرس کا پھیلاؤ بدستور جاری ہے، اسلام آباد کا ایک اور رہایشی ڈینگی کا شکار ہو کر چل بسا، کئی شہروں میں مزید سیکڑوں کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق ڈینگی وائرس کا شکار اسلام آباد کا رہایشی دوران علاج چل بسا، جس کے بعد ڈینگی سے جاں بحق افراد کی تعداد 6 ہو گئی ہے، صوبے میں 24 گھنٹے میں مزید 323 افراد میں ڈینگی وائرس کی تصدیق بھی کی جا چکی ہے۔

راولپنڈی سے 121، اسلام آباد سے 173 مریض رپورٹ ہوئے جب کہ جھنگ، لاہور سے 4، فیصل آباد، لیہ، گجرات، وہاڑی سے بھی مریض رپورٹ ہوئے، پنجاب بھر میں رواں سال ڈینگی مریضوں کی تعداد 2012 ہو گئی۔

- Advertisement -

سربراہ شعبہ وبائی امراض قومی ادارہ صحت ڈاکٹر صفدر رانا نے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ رواں برس 8388 افراد ڈینگی کا شکار بن چکے ہیں، جب کہ اب تک ملک میں ڈینگی سے 16 اموات ہو چکی ہیں، قومی ادارہ صحت نے انسداد ڈینگی ایمرجنسی سینٹر بھی قایم کیا، 23 مئی کو ڈینگی سے متعلق ہدایت نامہ بھی جاری کیا گیا۔

ڈینگی سے نمٹنے کے لیے سیکریٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ نے نئی ہدایت جاری کرتے ہوئے متعلقہ محکموں کو پابند بنایا ہے کہ وہ دن کے وقت اینٹی ڈینگی اقدامات کریں جب کہ جائزہ اجلاس رات کے وقت منعقد کریں۔ کیپٹن (ر) محمد عثمان نے کہا کہ دن کے وقت تمام ٹیمیں اور سربراہان فیلڈ میں موجود رہیں، جائزہ اجلاس، منصوبہ سازی اور مشاورتی اجلاس شام کے بعد کیے جائیں۔

وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے بھی کہا ہے کہ 5 نجی اسپتالوں میں ڈینگی وارڈ قایم کیے جا رہے ہیں، میں لاہور جا رہا ہوں اور وزیر اعلیٰ سے ڈینگی پر بات کروں گا۔ دریں اثنا وفاقی وزیر ہولی فیملی اسپتال پہنچے جہاں انھوں نے ڈینگی سے متاثرہ مریضوں کی عیادت کی اور علاج کی سہولتوں کا جائزہ لیا۔

یہ بھی پڑھیں:  رواں برس مصدقہ ڈینگی کیسز کی تعداد 7471 ہو گئی، اسلام آباد میں وبائی صورت حال

ادھر ملتان میں ڈینگی بے قابو ہو گیا ہے، آئے روز نشتر اسپتال میں مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے، اسپتال میں آج 2 مزید ڈینگی کے مریض داخل کیے گئے جس کے بعد تعداد 9 ہو گئی۔

ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ کے شہر کمالیہ میں ریلوے روڈ کے رہایشی محمد سرور میں ڈینگی وائرس کی تصدیق کی گئی ہے، اسپتال ذرایع کا کہنا ہے کہ متاثرہ شخص راولپنڈی میں کام کرتا تھا، 2 روز قبل آیا تھا۔

سوات میں ایک ماہ کے دوران 200 افراد میں ڈینگی وائرس کی تصدیق کی جا چکی ہے، سیدو شریف اسپتال سے اب تک 178 افراد کو علاج کے بعد فارغ کیا جا چکا ہے، سینئر ڈاکٹر نجیب اللہ کا کہنا ہے کہ اسپتال میں اس وقت 22 متاثرہ مریض زیر علاج ہیں۔

گزشتہ روز کی ڈینگی رپورٹ

ادھر گزشتہ روز محکمہ صحت کے پی نے بتایا تھا کہ خیبر پختون خوا میں ڈینگی سے متاثرہ افراد کی تعداد 1801 ہو گئی ہے، پشاور میں 112 اور دیگر اضلاع میں ڈینگی کے 38 کیسز رپورٹ ہوئے، محکمہ صحت کا کہنا تھا کہ کے پی کے مختلف اضلاع میں ڈینگی وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے، چارسدہ اور نوشہرہ میں ایک ایک، ایبٹ آباد اور بٹگرام میں 9،9 کیس رپورٹ ہوئے، سوات میں ایک دن میں 10 اور شانگلہ میں 3 نئے کیس رپورٹ ہوئے۔

تازہ ترین: اینٹی مائیکروبیل مزاحمت عالمی سطح پرصحت کے لیے سنگین خطرہ ہے: برطانوی ہائی کمشنر

گزشتہ روز ہی پنجاب میں 24 گھنٹے کے دوران مزید نئے 208 افراد میں ڈینگی کی تصدیق کی گئی تھی، راولپنڈی میں 116 اور اسلام آباد میں 76 کیس رپورٹ ہوئے تھے، جب کہ لاہور میں 6، سیالکوٹ میں 3، لیہ میں 2، اٹک، گجرات، جھنگ، نارووال اور سرگودھا سے ایک ایک کیس رپورٹ ہوا تھا۔

ضلعی انتظامیہ لاہو ر نے انسداد ڈینگی کی دو دن قبل کی رپورٹ جاری کرتے ہوئے کہا کہ 64 ہزار 187 گھروں کو چیک کیا گیا، 16 ہزار 35 مقامات کا معائنہ کیا گیا، 1055 مقامات سے برآمد ڈینگی لاروے کو تلف کیا گیا، جب کہ لاروا ملنے پر 63 افراد کے خلاف مقدمات بھی درج کیے گئے۔

گزشتہ روز راولپنڈی اور اسلام آباد میں 24 گھنٹوں میں 342 مریضوں میں ڈینگی وائرس کی تشخیص کی گئی تھی، جن میں راولپنڈی میں 222، اور اسلام آباد میں 120 کیسز شامل تھے، چوبیس گھنٹوں کے دوران ڈینگی بخار کے شبہ میں 181 افراد داخل ہوئے، تمام مریض راولپنڈی کے تینوں سرکاری اسپتالوں میں داخل کیے گئے، شہر کے سرکاری اسپتالوں سے علاج کے بعد 297 مریضوں کو ڈسچارج کیا گیا۔

چکوال کے ڈی ایچ کیو اسپتال میں داخل مریض میں بھی ڈینگی وائرس کی تشخیص کی گئی تھی، جس کے بعد چکوال میں متاثرہ مریضوں کی تعداد 10 سے تجاوز کر گئی۔

جب کہ کراچی میں گزشتہ روز 24 گھنٹوں میں مزید 48 افراد میں ڈینگی وائرس کی تصدیق کی گئی تھی، سندھ کے دیگر اضلاع میں ڈینگی سے متاثرہ 3 مریض رپورٹ ہوئے، رواں ماہ ڈینگی سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 575 ہو گئی، اندرون سندھ میں ایک ماہ کے دوران ڈینگی کے مریضوں کی تعداد 19 ہے۔ اے آر وائی نیوز کے مطابق ایک سال کے دوران کراچی میں ڈینگی کے مریضوں کی تعداد 2008 ہے، جب کہ سرویلنس سیل کا کہنا ہے کہ رواں ماہ سندھ بھر میں ڈینگی کیسز کی تعداد 1998 ہے۔ ادھر دو دن قبل قومی ادارۂ صحت نے ایک خصوصی رپورٹ میں کہا تھا کہ رواں برس سندھ میں 1998 مصدقہ ڈینگی کیسز سامنے آ چکے ہیں۔ سرویلنس سیل کے مطابق سندھ میں ڈینگی وائرس کے باعث 8 اموات ہو چکی ہیں۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں