تازہ ترین

انٹرنیٹ استعمال کرنے والے پاکستانیوں کیلیے بُری خبر

اسلام آباد: انٹرنیٹ استعمال کرنے والے پاکستانیوں کیلیے بری...

بہت جلد فوج سے مذاکرات ہوں گے، شہریار آفریدی کا دعویٰ

اسلام آباد: سابق وفاقی وزیر و رہنما پاکستان تحریک...

ہم سب مل کر ٹیم پاکستان ہیں، آرمی چیف

آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ...

‘ارتھ شاستر’ وہ مشہور کتاب جس کے مصنّف کو حاسد اور مکّار کہا جاتا ہے

زمانۂ قدیم کی معلوم تاریخ کے دو نام وَر کردار اور ایک قابلِ ذکر کتاب انیسویں صدی کے آغاز سے متضاد روایات کی دیگ میں شک و شبہے کی آنچ سے سلگ رہی ہے، لیکن مؤرخین اور محققین آج تک اس حوالے سے تشکیک کا شکار ہیں۔ سو، ایک عام اور گم نام شخص چندر گپت موریا جس نے بعد میں ایک عظیم سلطنت کے بانی کی حیثیت سے شہرت پائی اور اس کے ایک ذہین اور قابل اتالیق وشنو گپت کی زندگی اور اس کا علمی کارنامہ آج بھی قبول و رد کی سرحد پر جھول رہا ہے۔

قبل از مسیح کی معلوم تاریخ بتاتی ہے کہ چندر گپت موریا ایک بے سروسامان اور گم نام شخص تھا جس نے ہندوستان میں موریا سلطنت کی بنیادی رکھی۔ یہ پہلا حکم راں ہے جس نے شمالی ہند کی تمام ریاستوں کو زیر کیا اور سلطنت قائم کرلی۔ اس نے 298 سے 322 قبلِ مسیح‌ میں کئی جنگیں لڑیں، جن میں سب سے اہم جنگ سکندر کے ایک سالار سِلوکس کے ساتھ ہوئی۔ اسے جین مت کا پیروکار لکھا گیا ہے۔

اسی عظیم شہنشاہ کا ایک اتالیق اور وزیرِ اعظم وشنو گپت تھا۔ کہتے ہیں وہ بڑا دانا تھا۔ ذہین، طبّاع اور ایک عالم تھا جو اس زمانے میں چانکیا کوٹلیا کے نام سے مشہور ہوا۔ اس کے بارے میں کئی روایات اور قصّے پڑھنے کو ملتے ہیں جن میں غالبا مذہب اور معاشرت کے تفاوت کی بنیاد پر اس کی کردار کُشی بھی کی گئی ہے۔ مشہور ہے کہ وہ ایک حاسد انسان تھا اور اسی لیے وہ کوٹلیا مشہور ہوا۔ ذات کا برہمن تھا۔ اسی کی مدد سے چندر گپت نے عظیم الشان سلطنت قائم کی اور تاریخ میں‌ اپنا نام لکھوانے میں‌ کام یاب رہا۔

چانکیا کو سیاسی مدبّر، منتظم اور عالم فاضل بھی مانا جاتا ہے اور مکّار و سازشی بھی۔ اس کی شخصیت اور کردار سے نظر ہٹا کر جب ’’ارتھ شاستر‘‘ کی بات کی جاتی ہے تو یہ ایک عظیم تصنیف مانی جاتی ہے۔

یہ اسی وشنو گپت المعروف چانکیا کوٹلیا کی تصنیف ہے جس نے اسے دنیا بھر میں شہرت دی۔ اس کتاب میں قدیم ہندوستانی تمدّن، علوم و فنون، معیشت، ازدواجیات، سیاسیات، صنعت و حرفت، قوانین، رسم و رواج، اور ریاستی امور سمیت کئی اہم موضوعات چانکیہ نے اپنی فکر اور علمیت کا اظہار کیا ہے۔

ماہرین و محققین متفق ہیں کہ یہ کتاب 300 سے 311 قبلِ مسیح کے دوران لکھی گئی۔ اس کتاب کا اصل متن سنسکرت میں تھا اور یہ 1904ء میں دریافت ہوئی۔ 1905ء میں اسے پہلی بار کتابی شکل دی گئی اور بعد کے ادورار میں اس کا انگریزی زبان میں ترجمہ کیا گیا۔

ارتھ شاستر کو چانکیا کا علمی کارنامہ قرار دیا جاتا ہے جس کے تین بنیادی حصّے ہیں۔ ایک انتظامیہ، دوسرا ضابطہ و قانون اور انصاف کے مباحث پر مشتمل ہے اور تیسرے میں خارجہ پالیسی کا بیان ہے۔ اس کے علاوہ تہذیب اور تمدّن پر نہایت عمدہ مضامین شامل ہیں۔

چانکیا اور اس کی تصنیف ارتھ شاستر کی نسبت متضاد آرا مشہور ہیں اور اس پر مباحث کا سلسلہ کسی نہ کسی شکل میں آج بھی جاری ہے۔ یہاں تک کہ ہندوستانی اور مغربی محققین چانکیا جیسے کسی شخص کے وجود اور اس کی کتاب کے متن پر بھی شک و شبہ ظاہر کرتے رہے ہیں اور اس بارے میں اختلافِ رائے موجود ہے، لیکن بعض ممتاز مغربی محققین اور مستشرقین کا کہنا ہے کہ اس بات سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ یہ کتاب چانکیہ کی تصنیف ہے یا نہیں، لیکن یہ اپنے وقت کی اہم ترین اور لائقِ مطالعہ کتاب ضرور ہے جس نے موجودہ دنیا کو ایک قدیم تاریخ اور تہذیب کی کہانی سنائی ہے۔

Comments

- Advertisement -