کراچی: اے آر وائی ڈیجیٹل کے معروف مارننگ شو نے بڑا اعزاز اپنے نام کرلیا، ندا یاسر نے کہا ہے کہ گڈ مارننگ پاکستان کے سیٹ پر کچھ بھی پہلے سے طے نہیں ہوتا، ہم اپنے ناظرین کو تفریح فراہم کرتے ہیں۔
اے آر وائی ڈیجیٹل پر نشر ہونے والے ’گڈمارننگ پاکستان‘ شو کو ندا یاسر ہوسٹ کرتی ہیں، 31 جنوری کو انہوں نے ایک نیا سنگ میل عبور کرتے ہوئے اپنے تمام ناظرین کا شکریہ ادا کیا۔
گڈمارننگ پاکستان کی 31 جنوری کو 9ویں سالگرہ تھی یعنی اس شو کا آغاز سنہ 2000 میں 31 جنوری سے ہوا جسے ناظرین نے بہت پسند کیا اور اس کی کامیابی کا سفر جاری ہے۔
اکتیس جنوری تک گڈ مارننگ پاکستان کی 2160 قسطیں نشر ہوئیں اور آج 15 فروری تک ان قسطوں کی تعداد 2170 ہوگئی۔
فن اور مختلف اقسام کی معلومات کے لیے نشر ہونے والے شو میں مختلف ماہرین کو بلایا جاتا ہے جو خوبصورتی، صحت، کھانے پینے، میک اپ کرنے وغیرہ کے حوالے سے مشورہ دیتے ہیں۔ ندا یاسر اہم مواقعوں پر اُسی موضوع پر شو کرتی ہیں اور ناظرین کو آگاہی بھی فراہم کرتی ہیں۔
اے آر وائی کے پروگرام ہر لمحہ پرجوش میں ’گڈمارننگ پاکستان‘ اینکر ندا یاسر نے اپنے خاوند یاسر نواز کے ساتھ شرکت کی۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ ’گڈمارننگ پاکستان کے شو میں اسکرپٹ والا کوئی کام نہیں ہوتا، ہم سارا سال صرف دوسیزن میں شادیاں کرواتے ہیں لیکن ناظرین اُسے اتنا پسند کرتے ہیں کہ سب کو یہی تاثر جاتا ہے جیسے شادیاں ہی کروائی جاتی ہیں‘۔