کابل: افغانستان کی حکومت نے عیدالفطر پر طالبان کے ساتھ جنگ بندی کا اعلان کردیا، تاہم داعش کے خلاف کارروائی جاری رہے گی۔
افغانستان کے صدر اشرف غنی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ 27ویں روزے سے عید کی تعطیلات تک جنگ بندی جاری رہے گی۔
افغان صدر نے کہا کہ یہ جنگ بندی صرف طالبان کے ساتھ ہوگی اور افغان سیکیورٹی فورسز داعش اور دیگر غیر ملکی شدت پسند تنظیموں کے خلاف آپریشن بند نہیں کریں گی، افغان صدر کے مطابق جنگ بندی کا فیصلہ افغان علماء کے تاریخی فتوے کی روشنی میں کیا گیا۔
The Government of the Islamic Republic of Afghanistan announces ceasefire from the 27th of Ramadan until the fifth day of Eid-ul-Fitr following the historic ruling [Fatwa] of the Afghan Ulema.
— Ashraf Ghani (@ashrafghani) June 7, 2018
افغان حکومت نے عید پر پانچ دن کی چھٹیوں کا اعلان کیا ہے اگر دونوں فریقوں نے جنگ بندی پر عملدرآمد کیا تو یہ سیز فائر 12 سے 19 جون تک جاری رہ سکتا ہے۔
دوسری جانب طالبان نے افغان حکومت کی اس پیشکش کا تاحال کوئی جواب نہیں دیا ہے، طالبان کے ترجمان نے کہا ہے کہ ہم اس حوالے سے اپنے عہدیدار سے پوچھ کر جواب دیں گے۔
واضح رہے کہ چند روز قبل افغانستان میں حکومت کے خلاف جنگ کو حرام قرار دینے والے افغان علماء کے اجلاس میں دھماکہ ہوا تھا جس کے نتیجے میں 14 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔
دھماکے سے کچھ دیر قبل 2 ہزار سے زائد علمائے کرام نے اس اہم اجلاس میں افغانستان میں حکومت کے خلاف جاری جنگ کو غیر شرعی اور غیرآئینی قرار دیتے ہوئے حکومت کے خلاف ہتھیار اُٹھانے والوں کو شرپسند قرار دیا تھا۔