اسلام آباد : اسلام آباد ہائی کورٹ نے جعلی اکاﺅنٹس کیس میں ملوث پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زر داری اور فریال تالپور کی عبوری ضمانت میں 15مئی تک توسیع کردی۔
تفصیلات کے مطابق آج اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس عامر فاروق اورجسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل ڈویژن بینچ نے جعلی اکاﺅنٹس کیس میں سابق صدرآصف زرداری اور فریال تالپور کی ضمانت میں توسیع کی درخواست پر سماعت کی۔
دوران سابق صدر آصف علی زرداری اور فریال تالپور کمرہ عدالت میں موجودتھے، سماعت شروع ہوئی تو وکیل فاروق ایچ نائیک نے کہاکہ پارک لین، توشہ خان اورپنک ریزیڈنسی میں نیب انکوائری کررہاہے۔
جسٹس عامر فاروق نے استفسار کیا کہ کیا نیب کے جواب کی کاپی آپ کو مل گئی ہے، جس پرفاروق ایچ نائیک نے بتایاکہ جی تمام جوابات مل گئے ہیں، جسٹس محسن اختر کیانی نے نیب سے استفسار کیا کہ نیب نے کس انکوائری میں وارنٹ گرفتاری جاری کئے۔
سردارمظفرعباسی کا کہنا تھا پارک لین میں نیب نے وارنٹ گرفتاری جاری کئے ہیں، جس پر فاروق نائیک نے کہاکہ ابھی جواب ملا ہے اس کو دیکھ کر جواب الجواب دیں گے، ڈاکٹر ڈنشا کیس میں ضمانت ہوئی اور نیب نے دوسرے کال اپ نوٹس میں گرفتار کرلیا۔
جسٹس محسن اختر کیانی نے کہاکہ نیب بتائے ان کو کسی انکوائری میں اس سٹیج پر گرفتار تونہیں کرنا تو نیب پراسیکیوٹر کا کہنا تھا ایک انکوائری میں وارنٹ گرفتاری جاری کئے ہیں۔
جسٹس محسن اختر کیانی نے کہاکہ سوال یہ ہے کہ آپ ان کو سرپرائز نہیں دیں گے، نمبر مسئلہ نہیں لیکن پتہ چلے کہ ان کے خلاف کتنی انکوائریز چل رہی ہیں؟ نیب پراسیکیوٹر نے بتایا جس سٹیج پران کا رول آئےگا تو ان کے بارے میں بتادیں گے۔
جسٹس عامر فاروق نے کہاکہ عجیب بات ہے جس کے خلاف کیس چل رہا ہے اس کو بتانا بھی نہیں ہے اور نیب پراسیکیوٹر کو ہدایت کی کہ جتنی بھی انکوائریز ان کے خلاف چل رہی ہیں ان کے بارے میں بتادیں، اگر کسی انکوائری میں یہ مطلوب نہیں تو نیب اتھارٹیز سے پوچھ کر بیان دے۔
بعد ازاں عدالت نے آصف زرداری اور فریال تالپور کی عبوری ضمانت میں 15 مئی تک توسیع کردی اور سابق صدرآصف علی زرداری کے خلاف انکوائری سے متعلق نیب سے تحریری جواب طلب کرلیا ۔