اسلام آباد: نیویارک اپارٹمنٹ کیس میں سابق صدر آصف زرداری کی ضمانت میں توسیع کر دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ نے آصف علی زرداری کی نیویارک اپارٹمنٹ انکوائری کیس میں ضمانت میں 7 اکتوبر تک توسیع کر دی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس عامر فاروق پر مشتمل ڈویژن بنچ نے نیویارک پراپرٹی کیس میں سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری کی درخواست ضمانت قبل از گرفتاری میں توسیع کر دی۔
سماعت کے دوران سابق صدر کے وکیل فاروق ایچ نائیک کے معاون نے عدالت کو بتایا کہ فاروق ایچ نائیک ماسکو میں ہیں، اس لیے استدعا ہے کہ آج کیس ملتوی کیا جائے۔
مشرف، زرداری اور گیلانی کیخلاف سماعت کرنے والا عدالتی بینچ ازخود تحلیل
دوران سماعت سابق صدر کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست بھی دی گئی، جسے عدالت نے منظور کر لیا اور فاروق ایچ نائیک کے ایسوسی ایٹ وکیل کی استدعا پر عدالت نے سماعت 7 اکتوبر تک کے لیے ملتوی کر دی۔
واضح رہے کہ الیکشن کمیشن میں آصف زرداری نے اپنی نیویارک پراپرٹی ظاہر نہیں کی تھی، جب کہ نیب کا کہنا ہے کہ نیویارک پراپرٹی رجسٹرار کی پرانی دستاویز ادارے کے پاس موجود ہے، جس کے مطابق نیویارک میں جائیداد کی ملکیت آصف زرداری ہی کی تھی۔
نیب دستاویز میں کہا گیا ہے کہ 20 جون 2007 کو 5 لاکھ 30 ہزار ڈالر میں اپارٹمنٹ خریدا گیا، اور 7 جون 2007 کو آصف زرداری نے میری این نامی خاتون کو اس پراپرٹی کا پاور آف اٹارنی دیا۔