معروف پاکستانی گلوکار عاصم اظہر کے نئے گانے ’چند ماہیا‘ نے ناظرین کو اپنے سحر میں جکڑ لیا۔
گلوکار عاصم اظہر جو اپنی موسیقی کے لیے بین الاقوامی سطح پر پذیرائی حاصل کررہے ہیں، انہوں نے چند ماہیا سے متعلق کہا کہ میں کچھ ایسی تخلیق کرنا چاہتا تھا جو لوگوں کے ساتھ گہری، جذباتی سطح پر جڑے۔
انہوں نے کہا کہ چند ماہیا صرف ایک گانا نہیں ہے یہ ایک تجربہ ہے اور مجھے امید ہے یہ ہر اس شخص کے ساتھ گونجتا ہے جو اسے سنتا ہے۔
واضح رہے کہ گلوکار نے حال ہی میں اپنا نیا گانا ’چند ماہیا‘ یوٹیوب پر ریلیز کیا ہے جسے اب تک ہزاروں لوگ دیکھ چکے ہیں۔
گانے کی شاعری، میوزک کمپوزیشن اور پروڈکشن عاصم اظہر نے کی ہے جبکہ عاصم اظہر کے علاوہ علی رضا، حسن علی بطور میوزک کمپوزر، رامس علی بطور لیریسسٹ اور سلمان نصیر نے بطور میوزک پروڈیوسر اپنے فرائض انجام دیئے۔
گلوکار عاصم اظہر کا کہنا ہے انہوں نے اپنا حال ہی میں ریلیز کیا گیا گانا ’چند ماہیا‘ اپنی منگیتر سے متاثر ہوکر لکھا ہے جبکہ اس سے قبل ان کے تمام خوشی کے گانے بھی انہی کے لیے لکھے ہیں۔
نامور گلوکار عاصم اظہر اور اداکارہ اور ماڈل میرب کی مارچ 2022 میں منگنی ہوئی تھی، دونوں کے درمیان تعلقات کی افواہیں کئی سال تک چل رہی تھیں جس کے بعد دونوں نے نئے رشتے میں منسلک ہونے کا فیصلہ کیا تھا۔