اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بہت سے لوگوں نے انتظامیہ سے رابطہ کیا اور کہا کہ ہمیں گرفتار کر لیں ایسی سیاست نہیں کرنا چاہتے۔
عطا اللہ تارڑ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ اسلام آباد میں سرگرمیاں معمول پر ہیں اور راستے کھلے ہیں، کسی کو امن خراب کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ پی ٹی آئی این آر او چاہتی ہے، جو راستے بند ہوئے ہیں اس کی ذمہ دار صرف پی ٹی آئی ہے، انہوں نے ماضی میں بھی 9 مئی کو جلاؤ گھیراؤ اور توڑ پھوڑ کی، یہ بلاوجہ احتجاج کرنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں معیشت بہتری کی جانب ہے اور مہنگائی کم ہو رہی ہے، ان کا احتجاج صرف اس لیے ہے کہ ان کے لیڈر کو چھوڑا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد کے پارکس میں لوگ بیٹھے ہیں بچے کرکٹ بھی کھیل رہے ہیں، اسلام آباد میں اضافی نفری تعینات ہے اور پنجاب میں بھی امن بحال رہے گا۔
عطا اللہ تارڑ نے مزید کہا کہ ایک بشریٰ گروپ ہے اور ایک علیمہ گروپ ہے جو انتشار پھیلا رہے ہیں لیکن انتشار پھیلانے والوں کو گرفتار کیا جائے گا۔
’کرم میں آج بھی مظاہرے ہو رہے ہیں آپ وہاں جا کر حالات کنٹرول کریں۔ ان کی کوشش ہے کہ ملک کی معیشت کو ڈی ریل کریں۔ ملک کی معیشت کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دیں گے۔‘