خلیج فارس میں واقع جزیرائی ملک بحرین کن ممالک کے سیاحوں کی پہلی ترجیح ہے اس کا اندازہ بحرینی حکام کے جاری کردہ سیاحتی اعداد وشمار سے ہوتا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق بحرین کی انفارمیشن اینڈ ای گورنمنٹ اتھارٹی نے 2022 کی تیسری سہ ماہی سے متعلق سیاحتی اعدادوشمار جاری کیے ہیں جس سے پتہ چلتا ہے کہ دنیا میں سب سے زیادہ سعودی عرب کے سیاح بحرین آتے ہیں جب کہ دوسرے نمبر پر بھارتی سیاحوں کا نام آتا ہے۔
بحرین کے متعلقہ حکام کی جانب سے جاری فہرست میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ سال جولائی سے ستمبر 2022 کے دوران بحرین آنے والوں میں سب سے زیادہ سعودی عرب کے شہری تھے جو سیاحوں کی مجموعی تعداد کا 88.1 فیصد تھی۔
مذکورہ تین ماہ کے دوران 2.09 ملین سعودی شہریوں کی بحرین آمد ہوئی تھی۔ دوسرے نمبر پر بھارت رہا جس کے 2 لاکھ 18 ہزار ایک سو شہریوں نے بحرین کا وزٹ کیا جب کہ کویت کے ایک لاکھ 17 ہزار 400 شہریوں نے اس ملک کو اپنی آمد سے رونق بخشی۔
بحرین کو کنگ فہد پل سعودی عرب سے جوڑتا ہے اور سعودی شہریوں کی بڑی تعداد اسی راستے بحرین آتی ہے۔ اس حوالے سے کنگ فہد پل انتظامیہ کا کہنا ہے کہ پل کے راستے بحرین جانے والے سعودیوں کے لیے کووڈ ویکسین بنیادی شرط ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ہوائی جہاز کی سب سے محفوظ سیٹ کون سی ہے؟ جانیے
اگر اسی مدت کے دوران دیگر خلیجی ممالک سے آنے والوں کی مجموعی تعداد کا ذکر کیا جائے تو جولائی تا ستمبر 3 لاکھ 10 ہزار 200 شہری بحرین پہنچے اور یہ یہاں آنے والے سیاحوں کی مجموعی تعداد کا 10.4 فیصد ہے۔