پیر, جنوری 6, 2025
اشتہار

لیویز فورس کو ضم، بی ایریا کو اے میں شامل کرنے کیخلاف مشترکہ قرارداد پیش

اشتہار

حیرت انگیز

کوئٹہ: بلوچستان اسمبلی میں لیویز فورس کو ضم کرنے اور بی ایریا کو اے ایریا میں شامل کرنے کے خلاف مشترکہ قرارداد پیش کر دی گئی۔

مشترکہ قرارداد رحمت صالح بلوچ نے اپوزیشن لیڈر و دیگر ارکان کی جانب سے پیش کی جس کے متن میں مطالبہ کیا گیا کہ لیویز فورس کو بہتر انداز میں مضبوط کیا جائے۔

قرارداد کے متن میں کہا گیا کہ صوبے کے 85 فیصد رقبے میں امن بحالی کیلیے لیویز فورس اہم کردار ادا کر رہی ہے، وزیر اعلیٰ سرفراز بگٹی کے حکم کے باوجود لیویز فورس کو جدید اسلحہ اور تربیت فراہم نہیں کی گئی، اس کے ضم اور بی ایریا کو اے ایریا میں شامل کرنے کو روکنے کیلیے اقدامات کریں۔

- Advertisement -

یہ بھی پڑھیں: قبائلی اضلاع میں فرائض سرانجام دینے خاصہ دار اور لیویز فورس کو پولیس میں ضم کرنے کا اعلان

رکن رحمت صالح بلوچ نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ لیویز فورس کو پولیس میں ضم نہ کیا جائے کیونکہ اس نے امن برقرار رکھا ہے لہٰذا اسے زیادہ مضبوط کیا جائے، اربن ایریا میں اے ایریا کی نسبت جرائم کی شرح کم ہے۔

اس پر یونس عزیز نے کہا کہ مشرف دور میں لیویز فورس کو ختم کرنے کا تجربہ ناکام رہا، اس اسمبلی نے اس کو بحال کر دیا تھا۔

برکت رند نے مطالبہ کیا کہ اس کی پوسٹیں بڑھائی جائیں جبکہ جہانزیب مینگل کا کہنا تھا کہ لیویز فورس تنازعات ختم کرواتی ہے۔

صوبائی وزیر نور محمد دمڑ کا کہنا تھا کہ اس کو ختم کرنے کا کوئی معاملہ کابینہ کے سامنے نہیں آیا ہے۔

خیر جان بلوچ نے اپنا مؤقف پیش کیا کہ لیویز فورس نے بلوچستان کے حالات کنٹرول کرنے میں اہم کردار ادا کیا، یہ قبائلی روایات کی مطابق کام کرتی ہے لہٰذا اس کی ضرورت پوری کریں تاکہ امن مزید بہتر بنانے میں کردار ادا کر سکے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں