میڈرڈ : ہسپانوی حکام نے پاکستان کی پہلی خاتون وزیر اعظم شہید بے نظیر بھٹو کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے بارسلونا کی ایک اسٹریٹ کو محترمہ کے نام سے منسوب کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق یورپی ملک اسپین کے شہر بارسلونا کی ایک اسٹریٹ کا نام تبدیل کرکے پاکستان کی دو مرتبہ وزیر اعظم منتخب ہونے والی خاتون بے نظیر بھٹو شہید کے نام سے منسوب کردی گئی ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ ہسپانوی حکام کی جانب سے گلی کا نام پاکستان کی پہلی خاتون وزیر اعظم بے نظیر بھٹو کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے تبدیل کیا گیا ہے، جس کے بعد سے ہسپانوی عوام گلی کو ’کیرر دی بے نظیر بھٹو‘ کے نام سے جانی جاتی ہے۔
خیال رہے کہ محترمہ بے نظیر بھٹو 21 جون سنہ 1953 کو پیدا ہوئیں اور سنہ 1988 سے 1990 تک اور پھر 1993 سے 1996 تک پاکستان کی وزیر اعظم منتخب ہوئیں تھیں، جنہیں 27 دسمبر 2007 کو راولپنڈی میں شہید کردیا تھا۔
شہید محترمہ بے نظیر بھٹو پہلی خاتون تھیں جنہوں نے مسلم اکثریتی والے ملک میں جمہوری حکومت کی قیادت کی تھی اور سنہ 1979 میں ذوالفقار علی بھٹو کو پھانسی دینے کے بعد پاکستان پیپلز پارٹی کی چیئرپرسن بھی رہی ہیں۔
پاکستان پیپلز پارٹی یورپ کے سیکریٹری اطلاعات حافظ عبد الرزاق صادق کا کہنا تھا کہ اسپین میں محترمہ بے نظیر بھٹو کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے سنہ 2009 میں اسٹریٹ کو رسمی طور پر منسوب کیا گیا تھا۔
بارسلونا کی سوشلسٹ پارٹی کے نائب صدر حافظ عبدالرزاق کا کہنا تھا کہ ’میں نے محترمہ کے نام اسٹریٹ کو رسمی طور پر منسوب کرنے کے معاملے کو اٹھایا اور اپنے کچھ دوستوں کی مدد سے مذکورہ کیس میں فتح حاصل کی‘ ۔
سوشلسٹ پارٹی کے رہنما کا کہنا تھا کہ ہسپانوی حکومت نے مذکورہ معاملے پر ایک کمیٹی بنائی کہ اسٹریٹ کو ’محترمہ بے نظیر بھٹو کے نام سے منسوب کیا جائے یا نہیں‘ تاہم کمیٹی کے دس ارکان نے اسٹریٹ کو محترمہ کے نام سے منسوب کرنے کے حق میں ووٹ دیا۔
حافظ عبدالرزاق کا کہنا تھا کہ اسپین کے شہر بارسلونا کی کئی گلیاں ایسی ہیں جنہیں خواتین لیڈروں کے نام سے منسوب کیا گیا ہے۔