ہفتہ, مئی 18, 2024
اشتہار

بینظیر بھٹو کی آج 70 ویں سالگرہ منائی جا رہی ہے

اشتہار

حیرت انگیز

سابق وزیراعظم اور پیپلز پارٹی کی چیئرپرسن بینظیر بھٹو شہید کی آج 70 ویں سالگرہ منائی جا رہی ہے انہیں اسلامی دنیا کی پہلی خاتون وزیراعظم ہونے کا اعزاز حاصل ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق سابق وزیراعظم اور پیپلز پارٹی کی چئیر پرسن بینظیر بھٹو شہید کی 70 ویں سالگرہ آج منائی جا رہی ہے۔ اس سلسلے میں پی پی کے زیر اہتمام ملک بھر میں صوبائی اور ضلع سطح پر تقریبات منعقد کی جائیں گی اور سالگرہ کے کیک کاٹے جائیں گے۔

بینظیر بھٹو 21 جون 1953 کو کراچی میں پیدا ہوئیں اور 1973 میں ہارورڈ ریڈ کلف کالج سے گریجویشن مکمل کی۔ وہ شملہ معاہدے اور اقوام متحدہ کے خصوصی اجلاس میں اپنے والد اور سابق وزیراعظم ذوالفقارعلی بھٹو کے وفد میں شامل رہیں۔

- Advertisement -

بینظیر بھٹو ضیا دور میں جلاوطنی اختیار کی اور 1986 میں وطن واپس آئیں۔ 1988 کے الیکشن میں پی پی کی ملک گیر کامیابی کے بعد جب وہ وزیراعظم منتخب ہوئیں تو اس کے ساتھ ہی انہیں اسلامی دنیا کی پہلی خاتون وزیراعظم بننے کا اعزاز بھی حاصل ہوگیا۔

بے نظیر بھٹو نے دو بار بطور بطور وزیراعظم پاکستان کی خدمت کی۔ 1990 میں سابق صدر غلام اسحاق خان کی جانب سے ان کی حکومت برطرف کیے جانے کے بعد وہ 1993 میں دوبارہ وزیراعظم کے منصب پر فائز ہوئیں تاہم یہ حکومت بھی اپنی مدت پوری نہ کرسکی اور ان کے اپنے صدر فاروق لغاری نے 1996 میں حکومت کو برطرف کردیا۔

1999 میں مشرف دور میں بینظیر بھٹو نے ایک بار پھر خودساختہ جلاوطنی اختیار کی۔ 2006 میں پاکستانی سیاست میں اس وقت خوشگوار موڑ آیا جب 90 کی دہائی کے دو بدترین سیاسی حریف جماعتوں پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کے درمیان لندن میں میثاق جمہوریت معاہدے پر دستخط ہوئے۔

2007 میں وہ مشرف سے معاہدے کے تحت جلاوطنی ختم کرکے دوبارہ وطن واپس آئیں۔ ان کی وطن واپسی پر کراچی میں ان کے قافلے پر حملہ ہوا جس میں 100 سے زائد پی پی کے کارکن جاں بحق ہوئے تاہم بینظیر بھٹو نے کسی بھی خطرے کو پس پشت ڈالتے ہوئے اگلے الیکشن کے لیے اپنی سیاسی مہم جاری رکھی۔

27 دسمبر 2007 کی شام لیاقت باغ میں وہ ایک جلسہ عام سے خطاب کے بعد واپس جا رہی تھیں کہ انہیں قتل کر دیا گیا۔ 15 سال سے زائد وقت گزر جانے کے باوجود ان کے قاتل اب تک پکڑے نہیں جاسکے ہیں۔

Comments

اہم ترین

ریحان خان
ریحان خان
ریحان خان کو کوچہٌ صحافت میں 25 سال ہوچکے ہیں اور ا ن دنوں اے آر وائی نیوز سے وابستہ ہیں۔ملکی سیاست، معاشرتی مسائل اور اسپورٹس پر اظہار خیال کرتے ہیں۔ قارئین اپنی رائے اور تجاویز کے لیے ای میل [email protected] پر بھی رابطہ کر سکتے ہیں۔

مزید خبریں