پیر, مئی 27, 2024
اشتہار

خبردار! سی سی ٹی وی کیمروں کا ریکارڈ ضائع کرنے پر بھاری جرمانہ ہوگا

اشتہار

حیرت انگیز

سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے کسی بھی جرم کا سراغ لگانا قدرے آسان ہوتا ہے سعودی عرب نے خفیہ کیمروں کا ریکارڈ ضائع کرنے پر بھاری جرمانہ عائد کیا ہے۔

لوگوں کی نقل وحمل اور جرائم پیشہ افراد کی نشاندہی کے لیے آج کل دنیا بھر میں سی سی ٹی وی کیمرے استعمال کیے جاتے ہیں جو اب سرکاری اداروں، عام شاہراہوں کے ساتھ گھروں تک پہنچ گئے ہیں کیونکہ یہ حفاظت کا ایک موثر ذریعہ ثابت ہوتے ہیں۔

سی سی ٹی وی کیمروں میں ریکارڈ مناظر بعض اوقات سنگین جرائم کا سراغ لگانے میں انتہائی معاون ثابت ہوتے ہیں اسی لیے سعودی عرب میں ان کیمروں کا ریکارڈ ضائع کرنے پر بھاری جرمانہ عائد کیا جائے گا۔

- Advertisement -

ایک غیر ملکی ویب سائٹ کے مطابق سعودی وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ مقررہ قانون کے مطابق سی سی کیمروں کا ریکارڈ متعینہ مدت تک محفوظ رکھنا قانونی ضرورت ہے اور اس کی خلاف ورزی پر 20 ہزار ریال تک جرمانہ ہو سکتا ہے۔

سعودی وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ خفیہ کیمروں کے استعمال کے قانون میں ادارے اور افراد دونوں کے حوالے سے سزا مقرر ہے۔

وزارت داخلہ نے کہا جو شخص سی سی کیمروں کا ریکارڈ خلاف قانون طریقے سے منتقل یا شائع کرے گا، سی سی کیمروں کے سسٹم کو تلف یا اس کے ریکارڈ کو نقصان پہنچائے گا تو اس پر 20 ہزار ریال جرمانہ ہو گا۔

قانون کے مطابق مقررہ  تیکنیکی خصوصیات کی فی سی سی کیمرہ خلاف ورزی کا جرمانہ 500 ریال مقرر ہے جبکہ مقررہ ضوابط کے مطابق سی سی کیمرے نصب نہ کرنے پر فی کیمرہ ایک ہزار ریال جرمانہ ہو گا۔ اسی طرح ممنوعہ مقامات پر خفیہ کیمرہ نصب کرنے پر فی کیمرہ 10 ہزار ریال جرمانہ وصول کیا جائے گا۔

وزارت کے مطابق جرمانے کی سزا کے خلاف متعلقہ شخص جرمانے کی اطلاع ملنے کے 60 روز کے اندر محکمہ جاتی عدالت سے رجوع کر سکتا ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں