جمعرات, جون 27, 2024
اشتہار

بلاول بھٹو کا عوام کو مفت سولر پینلز دینے کا اعلان

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے عوام کو مفت سولر پینلز دینے کا اعلان کردیا۔

کراچی کے علاقے لیاری میں بینظیر بھٹو کی 71ویں سالگرہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ بجٹ میں نیا منصوبہ شروع کریں گے جس میں غریب عوام کو مفت سولر پینلز دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ سولر پینلز کی وجہ سے لوڈشیڈنگ کے مسئلے سے چھٹکارا ممکن ہوسکے گا، 5 سال کے دوران سولر پینلز کے منصوبے کو سندھ بھر میں پھیلائیں گے۔

- Advertisement -

بلاول بھٹو نے کہا کہ ملک بھر میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کا مسئلہ ہے، 16، 18 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ ہوتی ہے، بل بھی عوام ادا نہیں کرسکتے، عوام کا بجلی دینے والے اداروں پر سے اعتماد اٹھ رہا ہے، چاہتے ہیں ایسا منصوبہ لائیں تاکہ بجلی کے مسائل پر توجہ دے سکیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام کا بڑا مسئلہ روزگار ہے، انشا اللہ سندھ حکومت دن رات محنت کرے گی تاکہ عوام کو روزگار ملے، ایسے منصوبے لائیں گے تاکہ نوجوانوں کو روزگار ملے اور وہ ترقی کریں۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ بہتر ہوتا حکومت پیپلزپارٹی سے مشورہ کرکے بجٹ بناتی، ہماری رائے موجود ہوتی تو بہتر انداز میں آگے بڑھ سکتے تھے لیکن شہباز شریف سے پرامید ہوں، ان کی نیت بھی صاف ہے وہ ہم سے کیے گئے وعدے پورے کریں گے تاکہ مل کر بجٹ پاس کروائیں۔

چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ کراچی کے عوام نے شہادتیں قبول کیں لیکن بی بی شہید کو کبھی تنہا نہیں چھوڑا، جب سے سیاست میں آیا ہوں کراچی کے عوام کے ساتھ مل کر جدوجہد کررہا ہوں، شہر کی ترقی کے لیے یہاں کی عوام کے ساتھ مل کر جدوجہد کررہا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ عوام کی طاقت سے ایک مرتبہ پھر سندھ حکومت بنائی ہے، عوام نے تیسری بار پیپلزپارٹی پر اعتماد کرکے منتخب کروایا ہے، ہم نے محنت کرکے آپ کی امیدوں کے مطابق کام کرنا ہے۔

بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ جو مسائل نگراں حکومت کے دوران پیدا ہوئے آہستہ آہستہ حل ہورہے ہیں، وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ کو کراچی کے مسائل پر توجہ دینے پر زور دیا ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں