اتوار, ستمبر 8, 2024
اشتہار

لوک سبھا کے انتخابات کی گہما گہمی، سنی دیول کا بی جے پی میں شمولیت کا اعلان

اشتہار

حیرت انگیز

نئی دہلی: بھارت میں لوک سبھا کے انتخابات کی گہما گہمی ہے اسی دوران شوبز سے تعلق رکھنے والی مختلف شخصیات ووٹرز کو اپنی اپنی پسندیدہ پارٹیوں کو ووٹ دینے پر قائل کررہی ہیں تو کوئی سیاسی میدان میں ہی قدم رکھ رہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق بالی ووڈ انڈسٹری میں سن 1990 میں ریلیز ہونے والی فلم دمینی کا مشہورِ زمانہ ڈائیلاگ ’ڈھائی کلو کا ہاتھ جب کسی کو پڑتا ہے تو وہ اٹھتا نہیں اٹھ جاتا ہے‘‘ بولنے والے اداکار سنی دیول نے بھارتیہ جنتا پارٹی میں باقاعدہ شمولیت اختیار کرلی۔

سنی دیول نے بی جے پی کے صدر امت شاہ سے ملاقات کے بعد سیاسی کیریئر شروع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے اس خواہش کا بھی اظہار کیا کہ ’‘بھارت کے بہتر مستقبل کے لیے مودی کو اگلے پانچ سال کے لیے وزیراعظم منتخب ہونا چاہیے‘‘۔

- Advertisement -

مزید پڑھیں: مودی کے لیے مشکلات، سلمان خان کی کانگریس میں شمولیت کا امکان

اُن کا کہنا تھا کہ ’میں نے بی جے پی نہیں بلکہ وزیراعظم کا ساتھ دینے کا فیصلہ کیا اور امید ہے کہ وہ لوک سبھا کے انتخابات میں کامیابی حاصل کر کے ایک بار پھر ملک کے سربراہ بنیں گے‘۔ سنی دیول کا کہنا تھا کہ میرے والد نے اٹل بہاری واجپائی کے ساتھ شمولیت اختیار کی تو اُن ہی کے نقشے قدم پر چلتے ہوئے میں بھی بی جے پی کا باقاعدہ حصہ بننے کا اعلان کررہا ہوں۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بی جے پی کی جانب سے سنی دیول کو پنجاب کے علاقے گرداس پور سے لوک سبھا کی نشست پر ٹکٹ جاری کیے جانے کا بھی امکان ہے۔

بی جے پی کی رہنما اور بھارت کی وزیر داخلہ نرمالا شترمن نے اس موقع پر 1997 میں ریلیز ہونے والی بارڈر فلم کا تذکرہ کیا۔ اُن کا کہنا تھا کہ ’سنی دیول نے فلم میں کام کر کے اپنی حب الوطنی کا کا ثبوت دیا، اُن کے کردار کی وجہ سے بہت سارے لوگوں میں وطن سے محبت کا جذبہ بیدار ہوا‘۔

دوسری جانب بھارتی عوام نے سنی دیول کی سیاست میں انٹری کے بعد سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر مزاحیہ پوسٹ شیئر کیں۔ ایک صارف ہاردک رجگور نے ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’رام مندر کیس کی اگلی سماعت پر بی جے پی کی طرف سے نمائندگی کررہے ہیں۔‘

یہ بھی پڑھیں: کانگریس میں شمولیت پر بی جے پی کا پروپیگنڈا، بھارتی اداکارہ کو پاکستانی قرار دے دیا

یاد رہے کہ سنی دیول کے والد دھرمیندر 2004 میں راجستھان کی بیکانیر نشست سے بی جے پی ایم پی منتخب ہوئے تھے جبکہ اُن کی اہلیہ ہیما مالنی اترپردیش کی متھرا سیٹ سے بی جے پی سے موجودہ ایم پی ہیں اور  حالیہ انتخابات میں بھی حصہ لے رہی ہیں۔

Comments

اہم ترین

عمیر دبیر
عمیر دبیر
محمد عمیر دبیر اے آر وائی نیوز میں بحیثیت سب ایڈیٹر اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں

مزید خبریں