تازہ ترین

انٹرنیٹ استعمال کرنے والے پاکستانیوں کیلیے بُری خبر

اسلام آباد: انٹرنیٹ استعمال کرنے والے پاکستانیوں کیلیے بری...

بہت جلد فوج سے مذاکرات ہوں گے، شہریار آفریدی کا دعویٰ

اسلام آباد: سابق وفاقی وزیر و رہنما پاکستان تحریک...

ہم سب مل کر ٹیم پاکستان ہیں، آرمی چیف

آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ...

اسموگ کے پیش نظر 2 ہزار اینٹوں کے بھٹے بند کرنے کا فیصلہ

ملتان: صوبہ پنجاب کے محکمہ تحفظ ماحولیات نے اسموگ کے پیش نظر 2 ہزار اینٹوں کے بھٹے عارضی طور پر بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

فضا میں بدترین آلودگی پھیلانے والے یہ بھٹے 20 اکتوبر سے 31 دسمبر تک بند رکھے جائیں گے۔ ان بھٹوں کی زیادہ تر تعداد جنوبی پنجاب میں واقع ہے۔ محکمے کا کہنا ہے کہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔

اس بارے میں محکمے کے ڈپٹی ڈائریکٹر ظفر اقبال کا کہنا ہے کہ یہ بھٹے روایتی طریقے استعمال کر رہے ہیں جو فضا میں بے تحاشہ آلودگی اور زہریلا دھواں پھیلاتے ہیں۔ یہ دھواں اسموگ میں اضافے کا سبب بنتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ صرف ملتان میں ڈھائی ہزار سے زائد بھٹے موجود ہیں جبکہ جنوبی پنجاب میں اینٹوں کے بھٹوں کی تعداد 2 ہزار کے قریب ہے۔

ظفر اقبال کا کہنا تھا کہ اس عرصے کے دوران جانوروں کے چارے کو جلانے پر بھی پابندی عائد کردی گئی ہے اور تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی گئی کہ وہ اس پابندی کو یقینی بنائیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ صوبے میں ان بھٹوں کے لیے زگ زیگ ٹیکنالوجی متعارف کروا دی گئی اور جلد ہی اسے تمام بھٹوں کے لیے ضروری قرار دے دیا جائے جس کے بعد روایتی طریقے سے چلائے جانے والے بھٹے بند کر دیے جائیں گے۔

خیال رہے کہ اینٹوں کے بھٹے نہایت آلودہ اور زہریلا دھواں خارج کرتے ہیں جو ماحول اور انسانی صحت کے لیے بے حد خطرناک ہوتی ہے۔

زگ زیگ ٹیکنالوجی کے باعث اس دھوئیں کے اخراج میں 40 فیصد کمی ہوجاتی ہے۔

دوسری جانب زہریلی اسموگ گزشتہ 2 سالوں سے سردیوں کے موسم میں صوبہ پنجاب کو اپنا نشانہ بنائے رکھتی ہے جس سے حد نگاہ بھی کم ہوجاتی ہے جبکہ شہریوں کو سانس کے مسائل کا بھی سامنا ہوتا ہے۔

Comments

- Advertisement -