تازہ ترین

دلہا کا ڈانس دیکھ کر دلہن نے شادی سے انکار کردیا

نئی دہلی: بھارتی ریاست اترپردیش میں دلہا کا ڈانس دیکھ کر دلہن نے آخری وقت میں شادی سے انکار کردیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق ریاست اترپردیش کے علاقے بریلی میں شادی کی تقریب میں رسومات جاری تھیں کہ اسی دوران دلہا نے دلہن کو ہار (ورمالا) پہنانے کے بعد خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ڈانس شروع کیا۔

رپورٹ کے مطابق دلہا نے خوشی کا اظہار کرنے کے لیے ناگن ڈانس شروع کیا تو دلہن نے اسے نامناسب رویہ قرار دیتے ہوئے عین موقع پر ہی شادی سے انکار کردیا۔

دلہن کا انکار سننے کے بعد دلہا غصے میں آیا اور اُس نے لڑکی کے منہ پر زور دار طمانچہ رسید کیا جس کے بعد دونوں فریقین میں اس قدر ہاتھا پائی ہوئی کہ انہیں منتشر کرنے کے لیے پولیس کو مداخلت کرنا پڑی۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے دلہن کے بھائی کا کہنا تھا کہ تقریب میں دلہا کا رویہ نامناسب تھا، رسومات کے دوران جو کچھ بھی ہوا وہ کسی صورت قابل قبول نہیں، بہن کے انکار کرنے کے بعد رشتے داروں اور برادری کے عمائدین نے دباؤ ڈالا مگر ہم نے بہن کے ساتھ کھڑے ہونے کو ترجیح دی۔

پولیس افسر وپن سنگھ کا کہنا تھا کہ ہمیں شادی میں حالات خراب ہونے کی اطلاع موصول ہوئی جس کے بعد نفری کو وہاں بھیج کر معاملات طےکیے گئے، دلہا نے تحریری طور پر لکھ کر دیا کہ وہ جہیز کا سامان 14 نومبر تک واپس کردے گا۔

Comments

- Advertisement -