اشتہار

کراچی : عمارت میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، ایک شخص جاں بحق

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی : نیوچالی میں قائم تجارتی عمارت میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، ایک شخص آگ کی لپیٹ میں آکر جاں بحق ہوگیا، آگ نے متعدد دفاتر کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے نیو چالی میں جنریٹر مارکیٹ میں قائم آر کے اسکوائر کی پہلی منزل پر  آگ لگ گئی جس کے نتیجے میں ایک شخص آگ سے جھلسنے اور دم گھٹنے سے جاں بحق اور 3افراد بیہوش ہوگئے جنہیں ابتدائی طبی امداد کیلئے اسپتال منتقل کردیا گیا۔

آگ لگنے سے عمارت کی پہلی منزل میں دھواں ہی دھواں بھر گیا تھا، اب تک آگ سے متاثرہ پھنسے ہوئے 25 افراد کو وہاں سے نکالا جا چکا ہے جبکہ دیگر کو نکالنے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔

- Advertisement -

فائربریگیڈ کی6 گاڑیاں موقع پر پہنچ گئیں، امدادی کارکنان آگ بجھانے میں مصروف عمل ہیں، ان کی مدد کیلئے جائے وقوعہ پر اسنارکل بھی موجود ہے۔

آگ پر قابو پالیا گیا

تازہ ترین اطلاعات کے مطابق نیو چالی آر کے اسکوائر میں لگی آگ پر قابو پالیا گیا ہے اور کولنگ کا عمل جاری ہے۔

نمائندہ اے آر وائی نیوز کے مطابق عمارت میں آگ لگنے سے ایک شخص جاں بحق اور 3افراد جھلس کر زخمی ہوئے عمارت کی سیڑھی اور اسنارکل کی مدد سے25سے زائد افراد کو ریسکیو کیا گیا۔

فائربریگیڈ حکام آگ بجھانے اور ریسکیو ٹیم مزید افراد کو تلاش کرنے میں مصروف عمل ہیں۔ اس موقع پر رینجرز،  پولیس اور ایس ایس یو کمانڈوز بھی موجود رہے۔

آگ لگنے کی وجہ تاحال معلوم نہ ہوسکی

ریسکیو ذرائع نے میڈیا کو بتایا کہ 6 فائر ٹینڈر، 2 اسنارکلز اور 2 باؤزر آگ بجھانے میں مصروف ہیں، آگ لگنے کی وجہ بعد میں معلوم کی جائے گی۔

دریں اثنا میٹھادر پولیس کے ایس ایچ او خان محمد بھٹی نے واقعے کی تفصیلات بتاتے ہوئے بتایا کہ آر کے اسکوائر کی آخری اور دسویں منزل پر آگ لگنے سے ایک شخص جاں بحق جبکہ 3 زخمی ہو گئے، زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

Comments

اہم ترین

مزید خبریں