ملتان سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 148 پر ضمنی الیکشن کے لیے پولنگ صبح 8 بجے شروع ہوئی جو بغیر کسی وقفے کے شام 5 بجے تک جاری رہی۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق ملتان سے قومی اسمبلی کے حلقہ این سے 148 پر ضمنی الیکشن کے لیے پولنگ شروع ہو گئی ہے جو شام پانچ بجے تک جاری رہے گی۔ حلقے میں 4 لاکھ 44 ہزار 231 ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔ ان میں مرد ووٹرز کی تعداد 2 لاکھ 33 ہزار 624 جب کہ خواتین ووٹرز کی تعداد 2 لاکھ 10 ہزار 607 ہے۔
ضمنی الیکشن کے لیے 275 پولنگ اسٹیشن میں 933 پولنگ بوتھ قائم کیے گئے ہیں۔ ان میں مرد ووٹرز کے لیے 485 جب کہ خواتین کے لیے 448 پولنگ بوتھ بنائے گئے ہیں۔
ضمنی الیکشن کے لیے 2248 پولنگ اسٹاف کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔ ان میں 275 پریذائیڈنگ افسران، 933 اسسٹنٹ پریزائیڈنگ اور 933 ہی پولنگ افسران شامل ہیں۔
اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں اور پولیس کے مجموعی طور پر 3800 سے زائد افسران اور اہلکار ڈیوٹی انجام دے رہے ہیں۔
حلقے سے مجموعی طور پر 7 امیدوار میدان میں ہیں۔ ان میں پیپلز پارٹی کی جانب سے چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی کے صاحبزادے علی قاسم گیلانی امیدوار ہیں جب کہ سنی اتحاد کونسل کے امیدوار بیرسٹر تیمور الطاف ملک ہیں۔
ترجمان الیکشن کمیشن پنجاب اعجاز انور چوہان کے مطابق پولنگ کے لیے سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں۔ ووٹرز بلا خوف وخطر اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے کے لیے متعلقہ پولنگ اسٹیشنز پر آئیں۔
واضح رہے کہ اس حلقے این اے 148 سے 8 فروری کے الیکشن میں سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے پی پی کی جانب سے کامیابی حاصل کی تھی، تاہم ان کے چیئرمین سینیٹ بننے کے بعد یہ نشست خالی ہوئی تھی جس پر آج ضمنی الیکشن ہو رہے ہیں۔