نگراں وفاقی حکومت نے آئندہ مالی سال 2024-25 کے لیے بجٹ سازی پر کام شروع کر دیا ہے اور وزارت تجارت سے تجاویز طلب کر لی ہیں۔
اے آر وائی نیوز کو ذرائع سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق نگراں وفاقی حکومت نے آئندہ مالی سال 2024-25 کے لیے بجٹ سازی پر کام شروع کر دیا ہے اور وزارت تجارت سے اس سلسلے میں 15 فروری تک تجاویز طلب کر لی ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بجٹ کی تیاری کے لیے مختلف حکومتی اداروں اور نجی شعبے سے تجاویز مانگی گئی ہیں۔ وزارت تجارت نے وفاقی بجٹ 2024-25 کی تجاویز کیلیے مراسلہ لکھ دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق نگراں حکومت نے ایف بی آر، وزارت صنعت و پیداوار، نیشنل ٹیرف کمیشن سے تجاویز طلب کی ہیں۔ کسٹمز ٹیرف ریٹس میں تبدیلیوں سے متعلق بھی تجاویز مانگی گئی ہیں۔
اس کے علاوہ ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی، انجینئرنگ ڈیولپمنٹ بورڈ، ایف پی سی سی آئی، اوورسیز انویسٹرز چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری سے تجاویز طلب کی گئی ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ حکومت کی جانب سے پاکستان بزنس کونسل، پاکستان اسٹاک ایکسچینج، اپٹما سمیت دیگر سے بھی تجاویز طلب کی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ کراچی، حیدر آباد، لاہور، اسلام آباد سمیت دیگر چیمبرز سے بھی تجاویز مانگی گئی ہیں۔