بدھ, مارچ 26, 2025
اشتہار

کراچی : شادی شدہ جوڑے کے قتل کا مقدمہ درج، ملزمان عدالت میں پیش

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: جرگے کے حکم پر شادی شدہ جوڑے کے قتل کا مقدمہ درج کردیا، پولیس نے دہشتگردی ، قتل اور لاش کو چھپانے کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا جبکہ قتل میں ملوث ملزمان کوعدالت میں پیش کردیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق پسند کی شادی کرنا جرم بن گیا، کراچی میں جرگے کے فیصلے پر شادی شدہ جوڑے کے قتل کا مقدمہ مومن آباد تھانے میں درج کرلیا گیا، مقدمے میں دہرے قتل کے ساتھ لاش کو چھپانے اور دہشتگردی کی دفعات بھی شامل کی گئی ہیں۔

مقدمہ مومن آباد تھانے میں درج کیا گیا ہے، اے آر وائی نیوز نے ایف آئی آر کی کاپی حاصل کرلی ہے۔

پولیس کے مطابق مقدمے میں نو افراد کو ملزم نامزد کیا گیا ہے جبکہ ایف آئی آر سرکار مدعیت میں درج کی گئی ہے۔

 

ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ لڑکی کے والد مسکین نے4بیٹوں کی مدد سے میاں بیوی کوقتل کیا ، قتل کرنے والے بھائیوں کے نام حبیب ،ایوب،اعظم اور مرزا ہیں، میاں بیوی کو غیرت کے نام پر 22 نومبر کی شب قتل کیا گیا۔

 

درج ایف آئی آر کے مطابق عبدالہادی نے19 نومبر کو مکان کرائے پر حاصل کیا، لاشیں 23 نومبرکی شب بوری میں چھپا کر قائمخانی قبرستان منتقل کیں، عبد الرشید،اعظم اورمرزا نے لاشیں رکشے کے ذریعےقبرستان منتقل کیں جبکہ ضیاالحق،حبیب،ایوب اور غلام رسول نےرات ڈیڑھ بجے قبریں کھودیں۔

مقتول عبدالہادی کی تصویر اور ملزمان کے ابتدائی بیان کی کاپی اے آر وائی نیوز کو حاصل


دوسری جانب چوبیس سالہ مقتول عبدالہادی کی تصویر اور ملزمان کے ابتدائی بیان کی کاپی اے آر وائے نیوز نے حاصل کرلی ہے۔

پولیس نے شواہد کی بنا پر طارق روڈ سے ایک شخص حراست میں لیا، حراست میں لیے جانے والے شخص مات ملک نے حققیت سے پردہ اٹھایا کہ مومن آباد میں شادی شدہ جوڑے کو مارنے کی پلاننگ کیسے بنی۔

مات ملک کا بیان میں کہنا ہے کہ دونوں میاں بیوی ایک ماہ قبل نواب کالونی بلدیہ سے بھاگ کر یہاں آئے، عبدالہادی کو میں نے مکان کرایے پر دالوایا تھا۔

پولیس نے مات ملک سے مقتولین کے گھروں کے ایڈریس لیے تو تالے لگے ہوئے تھے ، پولیس نے ملزمان کے رشتہ داروں کے گھروں پر چھاپے مارے اور 9 ملزمان گرفتار کیے۔

گرفتار ملزمان نے بیان میں بتایا کہ عبدالہادی اور حسینی نے بھاگ کر شادی کی تھی ، ہم سب نے فیصلہ کیا کہ یہ دونوں جہاں ملیں انہیں ماردو، 22 نومبر کو لڑکی کے باپ نے سب رشتہ داروں کو فون کیا کہ دونوں کا پتہ چل گیا ہے۔

ملزمان نے مزید بتایا کہ ہم نے دونوں کو مکان میں قتل کر کے باہر سے تالا لگا دیا، ہم سب رشتہ دار اکھٹے ہوئے اور فیصلہ کیا قائمخانی قبرستان میں کھڈا کھود کردفنا دو، 23 نومبر کو ہم نے دوپہر کو قبرستان میں دو کھڈے کھود دیے، رات کو تین بجے ہم گھر پر آئے اور دونوں کی لاشوں کو بوری میں ڈالا، رکشہ میں بوریاں ڈالی اور قبرستان لے جاکر دونوں کو دفن کردیا۔

نوبیاہتا جوڑے کا سفاکانہ قتل،  ملوث 9 ملزمان عدالت میں پیش


کراچی میں نوبیاہتا جوڑےکا سفاکانہ قتل میں ملوث ملزمان کوعدالت میں پیش کردیا گیا، جوڈیشل مجسٹریٹ نے ملزمان کو اے ٹی سی منتظم جج کے روبروپیش کرنےکاحکم دیا ہے۔

تفتیشی افسر کے مطابق  قتل کے مقدمے میں پندرہ ملزمان نامزد ہیں، جن میں سے پولیس نو کو گرفتارکر چکی ہے گزشتہ روز نشاندہی پر جوڑےکی قبر کشائی کی گئی تھی، لاشیں پوسٹ مارٹم کیلئےبھجوائی جا چکی ہیں۔

نوبیاہتاجوڑے کا قتل ، پولیس کو قتل کی اطلاع دینے والا مالک مکان گرفتار


پولیس نے قتل کی اطلاع دینے والے مالک مکان کو بھی  گرفتار کرلیا ، پولیس کا کہنا ہے کہ مالک مکان کو کرائے داری ایکٹ کی خلاف ورزی پر گرفتار کیاہے، مالک مکان نےمقتول عبدالہادی کو گھرکرائے پردیا، گھر کرائے پر  دینے کا کرایہ نامہ بنایا نہ تھانے میں جمع کرایا۔

مالک مکان کا کہنا ہے کہ  میں خود تھانےآیا اور پولیس کوخون دیکھ کراطلاع دی، ملوث تمام ملزمان کی گرفتاری میں اپنا کردار اداکیا، پولیس نےکہا جب تک سب ملزم گرفتار نہیں ہوتے تم  بیٹھو، جب سب گرفتار ہوگئےتومجھےبھی کرایہ داری ایکٹ میں بند کردیا، تین دن پہلے ہی جوڑا کرائے پر آیا تھا،کرایہ نامہ نہیں بنا تھا۔


مزید پڑھیں : کوہستانی جرگے کے حکم پرکراچی میں دوہرے قتل کی واردات


یاد رہے گذشتہ روز کراچی کے علاقے مومن آباد میں جرگے کے حکم پر ہونے والے دوہرے قتل کا پولیس نے سراغ ڈھونڈ نکالا تھا اور نو ملزمان کو حراست میں لے لیا تھا۔

گرفتار ملزمان سے تفتیش کے دوران انکشاف ہوا تھا کہ قتل کی اس واردات میں لڑکے اور لڑکی ‘ دونوں کے گھر والے اور لڑکی کی جہاں منگنی کی گئی تھی‘ اس خاندان کے افراد مشترکہ طور پر شریک ہیں۔

ملزمان نے قتل کے بعد لاشیں اتحاد ٹاؤن کے قبرستان میں دفن کردی تھیں‘ پولیس کچھ دیر بعد اتحاد ٹاؤن قائم خانی قبرستان میں قبرکشائی کروائے گی‘ دوہرے قتل میں ملوث مزید افراد کی گرفتاری کے لیے چھاپہ مار کارروائیاں جاری ہیں۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے مومن آباد میں پسند کی شادی پر جوڑے کے قتل کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پولیس سے رپورٹ طلب کرلی تھی۔


اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

اہم ترین

نذیر شاہ
نذیر شاہ
نذیر شاہ کراچی میں اے آر وائی نیوز کے کرائم رپورٹر ہیں

مزید خبریں