ریاض: سعودی حکام نے سی سی ٹی وی کیمروں کے حوالے سے قوانین کی وضاحت کرتے ہوئے اہم ہدایات جاری کی ہیں، قوانین کی خلاف ورزی کی صورت میں بھاری جرمانہ ہوسکتا ہے۔
اردو نیوز کے مطابق سعودی حکومت نے کہا ہے کہ سیکیورٹی سی سی کیمروں کی ریکارڈنگ منتقل کرنا، جاری کرنا یا اس میں رد و بدل کرنا قابل سزا جرم ہے، اس پر 20 ہزار ریال جرمانہ مقرر ہے۔
وزارت داخلہ نے ٹویٹر اکاؤنٹ پر اس حوالے سے تفصیلات دیتے ہوئے کہا کہ جو شخص بھی سکییورٹی سی سی کیمرے کے استعمال کے ضوابط کی خلاف ورزی کا مرتکب ہوگا، جس میں ریکارڈنگ منتقل کرنا، جاری کرنا، تلف کرنا، کیمروں کے آلات میں تخریب کاری کرنا یا ریکارڈنگ میں رد و بدل کرنا مقررہ قوانین کی خلاف ورزی شمار ہوگا اور اس پر 20 ہزار ریال جرمانہ عائد کیا جائے گا۔
حکومت کی جانب سے مقررہ قوانین و ضوابط کے مطابق مختلف مقامات پر نقل و حرکت پر نظر رکھنے کے لیے سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے جاتے ہیں، ان میں ایسے کیمرے بھی ہوتے ہیں جو اپنی جگہ پر ایک ہی سمت میں فٹ ہوتے ہیں۔
کیمروں میں وہ شامل نہیں جو عام افراد عمارتوں، ہاؤسنگ کمپلیکس یا مکانات وغیرہ میں اپنی سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے نصب کرتے ہیں۔
سیکیورٹی کیمروں کے استعمال کے حوالے سے باقاعدہ قانون موجود ہے، اس کے تحت عام افراد کی پرائیویسی کا خیال رکھا جاتا ہے۔ ان کی ریکارڈنگ دیکھنے کا اختیار وزارت داخلہ کی اجازت کے بغیر کسی کو حاصل نہیں ہوتا۔
ریاستی سلامتی کی پریذیڈنسی یا عدلیہ سیکیورٹی کیمروں کی ریکارڈنگ دیکھنے کی اجازت دے سکتی ہے، اس کے بعد ہی اس قسم کے کیمروں کی ریکارڈنگ تک رسائی ممکن ہو سکتی ہے۔
سیکیورٹی کیمرے بنانا، درآمد کرنا، فروخت کرنا، نصب کرنا، آپریٹ کرنا یا اس کی اصلاح و مرمت کرنا قانونی طور پر منع ہے۔ وزارت داخلہ کی منظوری کے بغیر مذکورہ امور میں سے کسی کی بھی اجازت نہیں۔