چیمپئنز ٹرافی میں کون سا پاکستانی کھلاڑی بھارت کے لیے خطرناک ہو سکتا ہے سابق بھارتی اسپنر ہربھجن سنگھ نے اپنی رائے بتا دی۔
آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا آغاز 19 فروری سے ہو رہا ہے تاہم شائقین کرکٹ کو اصل انتظار 23 فروری کو دبئی میں ہونے والے پاک بھارت ٹاکرے کا ہے۔ اس دن دونوں ٹیموں کا گھمسان کا رن پڑنے کا امکان ہے۔
روایتی حریف جب بھی میدان میں ہوں جیت کے لیے سر دھڑ کی بازی لگا دیتے ہیں۔ اس بار بھارت کے لیے کون سا پاکستانی کھلاڑی خطرناک ہو سکتا ہے۔ اس بارے میں سابق اسپنر ہربھجن سنگھ نے اپنی رائے بتا دی ہے۔
اگر آپ سمجھ رہے ہیں کہ ہربھجن نے بابر اعظم، محمد رضوان، شاہین شاہ آفریدی یا نسیم شاہ کا نام لیا تو آپ غلط ہیں۔
سابق بھارتی اسپنر کے مطابق بھارت کے لیے اگر کوئی پاکستانی کھلاڑی مشکل پیدا کر سکتا ہے تو وہ جارح مزاج اوپنر فخر زمان ہے۔
ہربھجن کا اپنے یو ٹیوب چینل پر اس حوالے سے کہنا ہے کہ پاکستان کے اہم بلے بازوں پر نظر ڈالیں تو ان کے اسٹار بلے باز بابر اعظم کی بھارت کے خلاف اوسط 31 جب کہ محمد رضوان جو بطور کھلاڑی مجھے بہت پسند ہیں، ان کی اوسط 25 ہے جب کہ ٹاپ آرڈر میں کم از کم اوسط 50 کے قریب ہونی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ اس صورتحال میں فخر زمان پاکستان سائئیڈ سے فُل ٹائم اوپنر ہے۔ اس کی اوسط 46 ہے اور یہ ایک اچھی ایوریج ہے اور وہ کھیل کو بھارت کے ہاتھوں سے نکالنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
تاہم ہربھجن سنگھ نے یہ بھی کہا کہ پاک بھارت میچ کو ضرورت سے زیادہ ہائپ مل رہی ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم کے آؤٹ آف فارم ہونے کی وجہ سے کرکٹ فینز کو یکطرفہ میچ دیکھنے کو ملے گا۔
واضح رہے کہ 2017 کے فائنل میچ کے ہیرو بھی فخر زمان تھے، جنہوں نے فیصلہ کن میچ میں شاندار سنچری اسکور کرتے ہوئے پاکستان ٹیم کی فتح کی بنیاد رکھی تھی۔
8 سال بعد چیمپئنز ٹرافی 2017 کے فائنل سے متعلق سابق بھارتی کرکٹر کا اہم انکشاف