تازہ ترین

ہم سب مل کر ٹیم پاکستان ہیں، آرمی چیف

آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ...

ہمیں ملک کے مفاد میں سخت فیصلے کرنا ہوں گے، وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا ہے کہ ہمیں...

آزاد ارکان قومی اسمبلی کی سنی اتحاد کونسل میں شمولیت تسلیم

الیکشن کمیشن نے 8 فروری کے عام انتخابات میں...

چوہدری نثار نے حلف اٹھا لیا

لاہور: چوہدری نثار نے پنجاب اسمبلی کے رکن کی حیثیت سے حلف اٹھا لیا۔

تفصیلات کے مطابق چوہدری نثار  علی خان نے الیکشن جیتنے کے 2 سال 10 ماہ بعد پنجاب اسمبلی کے رکن کی حیثیت سے آخر کار حلف اٹھا لیا ہے، ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی دوست محمد مزاری نے ان سے حلف لیا۔

چوہدری نثار ایم پی اے کا حلف اٹھانے کے بعد پنجاب اسمبلی سے روانہ ہو گئے، قائم مقام اسپیکر نے چوہدری نثار کو خطاب کی دعوت دی مگر انھوں نے معذرت کر لی۔

وزیر اعلی ٰپنجاب کے بعد پنجاب اسمبلی میں سب سے بڑا پروٹوکول دیکھنے میں آیا، حلف برداری کے موقع پر 44 افراد کو اسمبلی میں داخلے کی اجازت دی گئی، چوہدری نثار کی گاڑی سے لے کر اسپیکر چیمبر تک ان کے لیے خصوصی حفاظتی حصار بنایا گیا۔

خصوصی حفاظتی حصار کے ساتھ ساتھ اسمبلی سیکیورٹی بھی فرائض سر انجام دیتی رہی۔

مسلم لیگ ن سے ناراضی کے بعد چوہدری نثار نے 2018 کا الیکشن آزاد حیثیت سے جیپ کے انتخابی نشان پر لڑا تھا، گزشتہ روز مسلم لیگ ن کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے واضح کیا تھا کہ چوہدری نثار علی خان نے خود مسلم لیگ ن چھوڑی تھی، اب ان کی واپسی کا کوئی راستہ نہیں۔

چوہدری نثار نے پنجاب اسمبلی کی نشست جیتی لیکن قومی اسمبلی کی 2 نشستوں پر شکست کھاگئے تھے، جس پر دھاندلی کا الزام لگا کر انھوں نے احتجاجاً صوبائی نشست پر حلف لینے سے انکار کر دیا تھا۔

چوہدری نثار پاکستانی سیاست کا وہ نام ہے جنھوں نے 3 دہائیوں تک ن لیگ کے پلیٹ فارم سے الیکشن لڑا، اور ایوان کا حصہ بنے مگر 2018 کے انتخابات سے پہلے ن لیگ سے اختلافات اس حد تک پہنچ گئے کہ نواز شریف کی سپریم کورٹ سے نااہلی کے بعد وہ شاہد خاقان عباسی کی کابینہ کا حصہ بنے نہ ہی مریم نواز کو لیڈر مانا۔ پارٹی سے ناراض اور تین سال سے خاموش، نواز شریف کے ماضی کے اہم ساتھی چوہدری نثار کی اب سیاست میں واپسی ہو گئی ہے۔

سینئر پارٹی رہنماؤں کے مطابق نواز شریف نے دور اقتدار کے آخری دنوں میں چوہدری نثار کے مشوروں کو نظر انداز کیا، ڈان لیکس کی انکوائری میں پرویز رشید سے متعلق وزارتِ داخلہ کی رپورٹ کو بھی پارٹی میں ناپسندیدگی کی نظر سے دیکھا گیا۔، چوہدری نثار پر آصف زرداری اور نواز شریف کے درمیان فاصلے بڑھانے کا بھی الزام لگا، جس کی چوہدری نثار نے تردید کی اور کہا کہ ان کے مشوروں اور تجاویز کو شک کی نگاہ سے دیکھا گیا۔

چوہدری نثار ان چند ارکان اسمبلی میں سے ہیں جنھوں نے 1985 سے لے کر 2013 تک تمام الیکشنز جیتے، وزیر داخلہ کے ساتھ ساتھ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اور وزیر پٹرولیم اور قدرتی وسائل بھی رہے، گیلانی کابینہ کے دور میں وزیر خوراک اور زراعت اور لائیو اسٹاک بھی رہے۔

Comments

- Advertisement -