وزیراعلیٰ پنجاب کے 22 جولائی کو ہونے والے الیکشن کے لیے پاکستان تحریک انصاف نے اپنے اراکین صوبائی اسمبی کو ہدایت نامہ جاری کردیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب کے 22 جولائی کو ہونے والے الیکشن کے لیے پاکستان تحریک انصاف نے اپنے اراکین صوبائی اسمبی کو ہدایت نامہ جاری کردیا ہے۔ میاں محمود الرشید نے پارٹی چیئرمین عمران خان کی ہدایت پر نوٹس جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ وزارت اعلیٰ کے انتخاب میں چوہدری پرویز الہٰی پی ٹی آئی کے امیدوار ہیں اس لیے پارٹی کے تمام اراکین اسمبلی الیکشن کے روز پرویز الہٰی کو ووٹ دیں۔
پی ٹی آئی کی جانب سے جاری کردہ ہدایت نامے میں تمام اراکین اسمبلی کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ 22 جولائی کو پنجاب اسمبلی کےایوان میں حاضری یقینی بنائیں گے۔ غیر حاضری یا ووٹ سے انحراف پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی تصو رہوگی اور پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی پر نااہلی کی کارروائی ہوگی۔
ہدایت نامے میں واضح کیا گیا ہے کہ تمام پی ٹی آئی ایم پی ایز کو بذریعہ ای میل اور گھر کے پتوں پر بھی نوٹسز بھجوائے جارہے ہیں۔
واضح رہے کہ وفاقی وزیرداخلہ رانا ثنااللہ نے گزشتہ روز پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ وزیراعلیٰ کے انتخاب کیلئے ہمارے 5 ووٹ کم ہیں، 22 جولائی کو 5 ارکان نہ پہنچ سکے تو پرویزالٰہی وزارت اعلیٰ ڈھونڈتے پھریں گے۔
یہ بھی پڑھیں: ”22 جولائی کو 5 ارکان نہ پہنچ سکے تو پرویزالٰہی وزارت اعلی ڈھونڈتے پھریں گے“
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ پرویز الٰہی کے پاس 188 ووٹ ہیں ہمارے 5 ووٹ کم ہیں، 22 جولائی کو 5 ارکان نہ پہنچ سکے تو پرویزالٰہی وزارت اعلی ڈھونڈتے پھریں گے۔