راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ دشمن قوتیں طویل عرصے سے فوج اور عوام میں پھوٹ ڈالنےکی کوشش کررہی ہیں مگر وہ اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہوسکتیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے لاہور گیریژن کا دورہ کیا، آرمی چیف کی آمد پر کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل محمدعبدالعزیز نے ان کا استقبال کیا۔
میجر حارث کی عیادت
آرمی چیف نے کمبائنڈ ملٹری اسپتال لاہور کا دورہ اور میجرحارث کی عیادت کی، میجر حارث کو لیگی رہنما سلمان رفیق اور حافظ نعمان کےگارڈز نےتشدد کا نشانہ بنایا تھا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے میجر حارث کی عیادت کے موقع پر کہا کہ واقعے سے متعلق قانون اپنا راستہ اختیار کرےگا، زیرحراست ملزمان کو انصاف کے کٹہرے میں لایاجائےگا اور کسی کو قانون ہاتھ میں لینےکی اجازت نہیں دی جا سکتی۔
افسران و سابق فوجیوں سے ملاقات اور خطاب
آئی ایس پی آر کے مطابق لاہور گیریژن کے دورے کے موقع پر آرمی چیف نے دو الگ انٹرایکٹو سیشنز میں افسران وسابق فوجیوں سے ملاقات کی۔
اس موقع پر آرمی چیف نے کہا کہ غلط معلومات اور پروپیگنڈے سےریاستی سالمیت کو خطرہ ہوتا ہے، قیاس آرائیوں کا مقابلہ کرنےکیلئے بروقت اور متحد ردعمل ہونا چاہیے۔
آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے کہا کہ فوج کی طاقت عوام سےہے، دشمن قوتیں طویل عرصے سے پھوٹ ڈالنےکی کوشش کررہی ہیں، کسی صورت فوج اور عوام میں پھوٹ پیداکرنےکی کوشش برداشت نہیں کرینگے اور نہ ہی دشمن قوتوں کو ان کے مذموم مقاصد میں کامیاب ہونے دینگے۔