کراچی: شہر قائد کے علاقے بفرزون میں عمارت کی دوسری منزل سے ایک بچہ گر گیا لیکن وہ معجزانہ طور پر محفوظ رہا، واقعے کی فوٹیج سامنے آ گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے بفرزون میں شاہزل گیلری نامی عمارت کی دوسری منزل سے ایک بچہ باہر گلی میں گر گیا، واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج اے آر وائی نیوز نے حاصل کی ہے جس میں گرنے کے مناظر دیکھے جا سکتے۔
سی سی ٹی وی میں 2 سال کا معصوم بچہ شاہزل گیلری سے گرتا نظر آ رہا ہے، تاہم بچہ خوش قسمتی سے زمین پر براہ راست گرنے کی بجائے تار پر گرا، انٹرنیٹ کے تار پر گر کر بچہ ایک بار باؤنس ہوا اور پھر گلی میں گرا۔
فوٹیج میں بچے کے گرنے کے بعد خواتین کے چیخنے کی آوازیں سنی جا سکتی ہیں، بچہ زمین پر کمر اور سر کے بل گرا تھا جس کی وجہ سے اسے سر میں چوٹ آئی۔
چیخ و پکار سن کر باہر کھڑا شخص بھاگا اور بچے کو اٹھا لیا، اہل خانہ کا کہنا ہے کہ بچے کو سر پر معمولی چوٹ آئی ہے، حادثے کے بعد فوری طور پر بچے کو اسپتال لے جایا گیا تھا۔
نذیر شاہ کراچی میں اے آر وائی نیوز سے وابستہ سینئر صحافی اور کرائم رپورٹر ہیں، وہ 14 سال سے زائد عرصے سے اپنے شعبے میں مصروف عمل ہیں اور انویسٹیگیٹو نیوز بریکنگ میں مہارت رکھتے ہیں، اور کراچی کے جرائم اور پولیس نظام سے متعلق گہری سمجھ بوجھ کے حامل ہیں۔


