بیجنگ: چینی صدر شی جن پنگ نے چینی فوج کو کسی بھی ہنگامی صورت حال میں جنگ کے لیے تیار رہنے کی ہدایت جاری کردی۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق چینی صدر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ افواج کسی بھی قسم کی ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے تیار رہنی چاہئے، کسی بھی وقت جنگ چھڑ سکتی ہے۔
چینی صدر کا کہنا تھا کہ رواں صدی دنیا میں کئی تبدیلیاں رونما ہورہی ہیں اور اس تیزی سے بدلتی صورت حال میں چین کو اپنی جغرافیائی اہمیت کے باعث مختلف خطرات کا سامنا ہے۔
واضح رہے کہ جنوبی چینی سمندر اور تائیوان کے ساتھ جاری سرحدی تناؤ اور امریکا کی جانب سے ایشیا ری ایشورنس ایکٹ کے اعلان کے بعد صورت حال مزید خراب ہوچکی ہے۔
مزید پڑھیں: تائیوان چین میں ضم ہوکر رہے گا، چینی صدر شی جن پنگ
تائیوان اور چینی کے مابین سرحدی تنازعہ ایک لمبے عرصے تک جاری رہا ہے، چین تائیوان کو اپنا حصہ مانتا ہے اور اسی تناظر میں چینی صدر کی جانب سے تائیوان میں طاقت کے استعمال سے متعلق بھی بیان جاری کیا جاچکا ہے۔
شی جن پنگ کا کہنا تھا کہ تائیوان کے ساتھ تعلقات چین کا اندرونی معاملہ ہے اور اس سلسلے میں کسی قسم کی غیر ملکی مداخلت برداشت نہیں کی جائے گی۔
دوسری جانب تائیوان کے صدر چائی ان ونگ کا کہنا تھا کہ بیجنگ کو تائیوان کے وجود کو قبول کرلینا چاہئے اور پر امن طریقوں سے اختلافات حل ہوسکتے ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز چین کی جانب سے بم کا کامیاب تجربہ کیا گیا تھا۔