The news is by your side.

چین کے ساتھ تزویراتی شراکت داری کو بڑھانے کے منتظر ہیں، آرمی چیف

راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ چین کے ساتھ تزویراتی شراکت داری کو بڑھانے کے منتظر ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کی مرکزی کمیٹی کے پولیٹیکل بیورو کے رکن اور مرکزی کمیٹی برائے خارجہ امور کے ڈائریکٹر یانگ جیچی نے  ملاقات کی ہے، جس میں باہمی دلچسپی کے امور، دفاعی تعاون اور سی پیک پر بات چیت کی گئی۔

اس موقع پر آرمی چیف نے عالمی اور علاقائی معاملات میں چین کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان چین کے ساتھ تزویراتی شراکت داری کو بڑھانےکے منتظر ہیں۔

آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن واستحکام اور عالمی شراکت داروں کیساتھ تعاون کیلئے پرعزم ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق چینی رہنما نے چینی شہریوں کے خصوصی تحفظ پر شکریہ ادا کیا اور خطے میں امن واستحکام کےلئے پاکستان کی کوششوں کی تعریف کی۔

انہوں نے پاکستان کے ساتھ ہر سطح پر سفارتی تعاون میں مزید بہتری کے لئے اپنا کردار ادا کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی۔

قبل ازیں آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ سےجرمن سفیر نے بھی الوداعی ملاقات کی، جس میں علاقائی صورتحال، باہمی دلچسپی اور تعاون پر بات چیت کی گئی۔

آرمی چیف کا کہنا تھا کہ پاکستان جرمنی کے ساتھ اپنے تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے اور جرمن سفیر کی کوششوں سے باہمی تعلقات مزیدمستحکم ہوئے، آرمی چیف نے دفاعی، سیکیورٹی تعاون کے فروغ کیلئے جرمن سفیر کی خدمات کو سراہا۔

Comments

یہ بھی پڑھیں