ممبئی: بالی وڈ کے معروف اداکار چنکی پانڈے نے ایک تاجر کی آخری رسومات میں شرکت کی اور انہیں رونے کیلیے پیسوں کی پیشکش کی گئی تھی۔
انڈین میڈیا کی رپورٹس کے مطابق چنکی پانڈے حال ہی میں ’دی گریٹ انڈین کپل شو‘ میں بطور مہمان شریک ہوئے جہاں انہوں نے اپنی زندگی کے بارے میں ایک دلچسپ قصہ سنایا۔ اداکار نے بتایا کہ ماضی میں وہ پیسوں کیلیے زیادہ سے زیادہ تقاریب میں شرکت کرتے تھے۔
بالی وڈ اداکار نے قصہ سنایا کہ ایک صبح مجھے ایک آرگنائزرکا فون آیا جس نے مجھ سے پوچھا کہ میں کیا کر رہا ہوں؟ میں نے بتایا کہ میں شوٹنگ کیلیے گھر سے نکل رہا ہوں، پھر اس نے مجھ سے پوچھا کہ شوٹنگ کہاں ہے تو میں نے بتایا کہ فلم سٹی میں ہے۔
’پھر آرگنائزر نے مجھے بتایا کہ راستے میں ایک چھوٹا سا پروگرام ہے اور 10 منٹ کیلیے شرکت کتنی ہے اچھے پیسے مل جائیں گے۔ میں نے کہا کہ ٹھیک ہے میں آتا ہوں۔ اس کے بعد اس نے مجھے سفید کپڑے پہن کر آنے کو کہا۔ میں نے زیادہ نہیں سوچا اور سفید کپڑے پہن کر چلا گیا۔‘
چنکی پانڈے بتاتے ہیں کہ جب وہ اس تقریب میں پہنچے تو انہوں نے کچھ لوگوں کو باہر سفید کپڑوں میں کھڑے دیکھا، جب وہ اندر گئے تو لوگوں نے کہنا شروع کر دیا کہ چنکی پانڈے آگئے۔
’اس کے بعد میں نے لاش دیکھی تو مجھے لگا کہ میں جنازے میں آیا ہوں۔ میں اتنا بولا تھا کہ یہ سوچنے لگا جس آرگنائزر نے مجھے مدعو کیا تھا اس کی موت ہوگئی ہے۔‘
اداکار نے بتایا کہ بعد میں وہ آرگنائزر ایک کونے میں کھڑا نظر آیا، جب میں نے اس کو اپنی طرف بلایا تو اس نے مجھے پیسے دکھائے اور کہا کہ اگر آخری رسومات میں روئیں گے تو مزید پیسے بھی ملیں گے۔
دی گریٹ انڈین کپل شو میں گووندا اور شکتی کپور بھی موجود تھے۔