اسلام آباد : پاک چین اقتصادی راہداری کے ثمرات گزرتے وقت کے ساتھ نمایاں ہونے لگے ہیں، ہانگ کانگ کا انوسٹمنٹ گروپ بیس سال بعد پاکستان میں سرمایہ کاری کرے گا۔
تفصیلات کے مطابق پاک چین اقتصادی راہداری کے تحت بیرون ملک سے سرمایہ کار پاکستان کا رخ کررہے ہیں، ہانگ کانگ کا انوسٹمنٹ گروپ سی ایل ایس اے نے پاکستان میں سرمایہ کاری کا فیصلہ کیا ہے، سی ایل ایس اے مقامی بروکریج فرم کے چوبیس اعشاریہ نو فیصد حصص خریدے گا۔سی ایل ایس اے کو عالمی بینک کے ذیلی ادارے انٹر نیشنل فنانس کارپوریشن کا تعاون حاصل ہے ۔
منتظم اعلیٰ سی ایل ایس اے کا کہنا ہے کہ پاکستان کی ایم ایس سی آئی ایمر جنگ مارکیٹ میں شمولیت کے بعد یہ فیصلہ کیا ہے، سی ایل ایس اے نے تقریبا بیس سال بعد پاکستان سرمایہ کاری کی ہے۔
سرمایہ کاری کی یہ ٹرانزیکشن نومبر تک مکمل کرلی جائے گی۔
سی ایل ایس اے کو عالمی بینک کے ذیلی ادارے آئی ایف سی کا تعاون حاصل ہے۔
مزید پڑھیں: سی پیک پاکستان کی صنعتی ترقی کا باعث بنے گا، چینی اخبار
یاد رہے رواں ماہ بین الاقوامی جریدے چائنا ڈیلی کا کہنا تھا کہ پاک چین اقتصادی راہداری کے تحت بننے والا اسپیشل اکنامک زونزپاکستان کی صنعتی ترقی کا باعث بنے گا، پاکستان کو اس شعبے میں چینی مہارت سے فائدہ اُٹھانا چاہئے۔
چینی اخبار کے مطابق سی پیک معاہدے کے تحت پاکستان میں سینتیس اسپیشل اکنامک زونز بنائے جائیں گے، یہ زونز چاروں صوبوں کے علاوہ فاٹا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں بھی بنائے جائیں گے، چین میں اٹھارہ سو اکنامک زونز موجود ہیں جو کہ کامیابی کی مثال ہیں۔
رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ ان اسپیشل زونز سے بے روزگاری کے خاتمے میں مدد ملے گی تاہم پاکستان کو بھی بنیادی سہولیات کی فراہمی اور امن و امان کی صورتحال کی بہتری کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کرنا ہوں گے۔