راولپنڈی: آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا کہنا ہے کہ طلباء خود کو پاکستان کی ترقی کے قابل بنائیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف نے پاکستان بھر کے یونیورسٹی اور کالجز کے طلباء سے خطاب کیا اور ان کی حوصلہ افزائی کی۔
انہوں نے کہا کہ طلبا اپنی تعلیم پر خصوصی توجہ دیں آپ پاکستان کے مستقبل کے رہنما ہیں۔
آرمی چیف نے کہا کہ طلبا تعلیمی سرگرمیوں میں بہترین کارکردگی کے لیے کوشش کریں، طلبا ایسی مہارتیں پیدا کریں جو ملک کی ترقی میں مثبت کردار کے لیے ہوں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے طلبا کی تخلیقی اور اختراعی صلاحیتوں کی تعریف کی، اور ملکی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ میں پاک فوج کے کردار کو اجاگر کیا۔
آرمی چیف نے دہشت گردی کے خلاف جدوجہد میں عوام کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔