اسلام آباد: شبر زیدی کی ناساز طبعیت کے باعث غیر معینہ مدت پر رخصتی کے بعد حکومت نے نئے چیئرمین ایف بی آر پر غور کرنا شروع کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو شبر زیدی خراب طبیعت کے باعث غیر معینہ مدت کے لیے رخصت پر چلے گئے ہیں اور ان کی عدم موجودگی کے باعث ادارے میں اہم نوعیت کے کام ٹھپ پڑے ہیں۔
حکومت نے بحران پر قابو پانے کے لیے نئے چیئرمین ایف بی آر کی تعیناتی پر غور شروع کردیا ہے اور اس سلسلے میں کئی نام شارٹ لسٹ بھی کیے جارہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی کی تعیناتی عدالت میں چیلنج
ذرائع کا کہنا ہے کہ نئے چیئرمین ایف بھی آر کے لیے ادارے کے علاوہ دیگر اعلیٰ سرکاری افسران دوڑ میں شامل ہیں جب کہ نجی شعبہ کےچند چارٹرڈ اکاؤنٹس کے ناموں پر بھی غور کیا جارہا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزارت خزانہ کے ایڈیشنل سیکرٹری احمد مجتبیٰ میمن دوبارہ ہاٹ فیورٹ ہیں، نئے چیئرمین تعیناتی وزیراعظم عمران خان کی منظوری سے کی جائے گی۔
یاد رہے کہ 6 مئی 2019 کو اسلام آباد میں سینئر صحافیوں سے گفتگو کے دوران وزیراعظم عمران خان نے شبر زیدی کو چیئرمین ایف بی آر تعینات کیے جانے کی تصدیق کی تھی، جس کے بعد ایف بی آر کے اندرونی حلقوں کی جانب سے اس کی شدید مخالفت کی گئی۔