کراچی : گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان اور کور کمانڈر فائیو کور لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار کی گورنر ہاوٴس میں ایک اہم ملاقات ہوئی ہے جس میں کراچی آپریشن کو جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق کورکمانڈر کراچی نوید مختار اور گورنر سندھ عشرت العباد کے درمیان ملاقات میں صوبہ سندھ میں امن و امان کی مجموعی صورتحال، شہر میں جاری آپریشن اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا اور اہم فیصلے کیے گئے۔
اسی سے متعلق : وزیراعلیٰ سندھ کی زیر صدارت اپیکس کمیٹی کا اہم اجلاس
ذرائع کے مطابق ملاقات میں اس عزم کا بھی اظہار کیا گیا کہ کراچی آپریشن آخری دہشت گرد کے خاتمہ تک جاری رکھا جائے گا اور دہشت گردوں کے خلاف کارروائی بلا امتیاز جاری رہیں گی۔
اس موقع پر گورنر سندھ نے کہا کہ صوبہ میں امن کے قیام کے لئے رینجرز اور قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں نے بے شمار قربانیاں ہیں جنہیں رائیگاں جانے نہیں دیا جائے گا۔
واضح رہے کہ کل وزیر اعلیٰ سندھ کی زیر صدارت اپیکس کمیٹی کا اہم اجلاس ہوا تھا جس میں گورنر سندھ،کور کمانڈر کراچی،ڈی جی رینجرز سمیت اعلیٰ حکام نے شرکت کی تھی اس اجلاس میں نہایت اہم فیصلے کیے گئے تھے۔