سڈنی: آسٹریلیا کی نیشنل سائنس ایجنسی کی تحقیق کے مطابق کورونا وائرس 40 ڈگری سینٹی گریڈ پر 24 گھنٹے تک زندہ رہ سکتا ہے۔
غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق آسٹریلیا کی نیشنل سائنس ایجنسی کی ایک تحقیق کے مطابق کورونا وائرس ٹھنڈی اور تاریک جگہوں، بینک کے نوٹوں، فون پر 28 دن تک زندہ رہ سکتا ہے۔
کامن ویلتھ سائنٹیفک اینڈ انڈسٹریل ریسرچ آرگنائزیشن کے محققین نے تاریک جگہوں میں تین مختلف درجہ حرارت پر جانچ کی کہ کوویڈ 19 کی وبا کا سبب بننے والا وائرس کتنی دیر تک زندہ رہتا ہے، تحقیق میں سامنے آیا کہ جوں جوں درجہ حرارت بڑھتا گیا وائرس کے زندہ رہنے کی شرح کم ہوتی گئی۔
محققین کے مطابق 28 ڈگری سینٹی گریڈ پر وائرس موبائل فون کی اسکرین جیسی ہموار سطح پر بہت زیادہ طاقتور ہوگیا تھا اور گلاس، اسٹیل، پلاسٹک بینک نوٹوں پر 28 دن تک زندہ رہا۔
مزید پڑھیں: یونیسیف کا کرونا ویکسین کے ٹیکے لگانے کے لیے درکار سرنجز ذخیرہ کرنے کا اعلان
اسی طرح 30 ڈگری سیلسیئس پر وائرس کی شرح کم ہوکر 7 دن پر آگئی اور 40 ڈگری پر کورونا وائرس صرف 24 گھنٹے ہی زندہ رہ سکا، کورونا وائرس جالی دار سطح جیسے کاٹن پر بہت کم درجہ حرارت پر قلیل مدت 14 دن تک رہ سکا اور زیادہ درجہ حرارت پر 16 سے بھی کم گھنٹوں تک باقی رہا۔
آسٹریلوی ڈاکٹر ٹریور ڈریو کا کہنا ہے کہ ’اگر ایک شخص ان اشیا کو بے احتیاطی سے استعمال کرتا ہے، پھر ہاتھوں سے اپنی آنکھوں یا ناک کو چھوتا ہے تو دو ہفتوں میں اس وائرس سے متاثر ہوسکتا ہے۔‘
کامن ویلتھ سائنٹیفک اینڈ انڈسٹریل ریسرچ آرگنائزیشن کے مطابق وائرس ہوا سے ہی پھیلتا ہے تاہم اس کی مختلف سطح کے ذریعے منتقلی کے حوالے سے ابھی مزید تحقیق کی ضرورت ہے۔